Sunday , October 22 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ وقف بورڈ انتخابی عمل کا آج سے آغاز

تلنگانہ وقف بورڈ انتخابی عمل کا آج سے آغاز

حیدرآباد۔/20ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی تشکیل کیلئے انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز کل 21 ڈسمبر سے ہوگا اور 4 زمروں کیلئے پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جائیں گے۔ وقف بورڈ نے آج متولی اور منیجنگ کمیٹی اور دیگر زمروں کیلئے فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دے دی ہے۔ متولی اور منیجنگ کمیٹی زمرہ میں ابتداء میں 186 افراد پر مشتمل فہرست رائے دہندگان کو جاری کیا گیا تھا تاہم دی گئی مدت میں جو نمائندگی موصول ہوئیں ان کی بناء پر یہ تعداد بڑھ کر 230 ہوچکی ہے۔ قطعی فہرست رائے دہندگان آج جاری کردی گئی۔ اس طرح چاروں زمروں کیلئے کل 21 ڈسمبر سے پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگا۔ جن زمرہ جات میں رائے دہی ہوگی ان میں مسلم ارکان پارلیمنٹ، 2 ارکان مقننہ، ایک رکن بار کونسل اور 2 ارکان متولی و منیجنگ کمیٹی شامل ہیں۔ ابتدائی 3 زمروں میں اتفاق رائے سے انتخاب ہوسکتا ہے جبکہ متولی اور منیجنگ کمیٹی کے زمرہ میں رائے دہی کا امکان ہے۔ بتایا جاتاہے کہ مختلف گوشوں سے 8 ایسی نمائندگیاں داخل کی گئیں جن میں بعض متولیوں کی شمولیت پر اعتراض کیا گیا۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر محمد اسد اللہ نے بتایا کہ پرچہ جات نامزدگی 27 ڈسمبر تک داخل کئے جاسکتے ہیں جبکہ 29 ڈسمبر کو پرچہ جات کی جانچ ہوگی۔ 31 ڈسمبر تک پرچہ جات نامزدگی واپس لئے جاسکتے ہیں جبکہ 3 جنوری کو امیدواروں کی قطعی فہرست جاری کردی جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر 10جنوری کو صبح 11تا4 بجے شام حج ہاوز میں رائے دہی ہوگی اور اسی دن نتیجہ کا اعلان کردیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT