Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ وقف بورڈ میں اصلاحات کا آغاز ، او ایس ڈی تبدیل

تلنگانہ وقف بورڈ میں اصلاحات کا آغاز ، او ایس ڈی تبدیل

اوقافی مکان میں قیام پر کارروائی ، چیرمین الحاج محمد سلیم کا فیصلہ ، سی ای او بورڈ کے احکام
حیدرآباد۔6 مارچ (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد سلیم نے اپنے انتخاب کے اندرون ایک ہفتہ بورڈ میں اصلاحات کا عمل شروع کیا ہے۔ انہوں نے آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی کی حیثیت سے مقرر کردہ ریٹائرڈ عہدیدار کو تبدیل کرتے ہوئے انہیں دوبارہ ان کی سابقہ پوسٹنگ پر بھیج دیا ہے۔ صدرنشین کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد جناب محمد سلیم نے آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی کی حیثیت سے ریٹائرڈ عہدیدار احمد محی الدین اور پرسنل اسسٹنٹ کی حیثیت سے محمد زاہد کا تقرر کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ او ایس ڈی کے بارے میں حکومت کو مختلف گوشوں سے موصولہ نمائندگیوں اور میڈیا کے گوشوں میں اوقافی مکان میں مبینہ طور پر قیام سے متعلق خبروں کی اشاعت کے بعد صدرنشین نے او ایس ڈی کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا اور ان کی ہدایت پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے احکامات جاری کئے۔ واضح رہے کہ وقف بورڈ کے دو ریٹائرڈ عہدیدار کئی برسوں سے اوقافی مکانات میں مقیم ہیں، اور ماہانہ معمولی کرایہ ادا کیا جارہا ہے۔ وقف قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عہدیداروں نے خود اپنے آپ کو لیز کی منظوری دے دی۔ وقف ایکٹ کے مطابق کسی بھی ملازم یا عہدیدار کو اوقافی اراضی یا املاک لیز پر حوالے نہیں کی جاسکتیں۔ وقف بورڈ کی تشکیل سے قبل عہدیدار مجاز سید عمر جلیل نے دونوں سابق عہدیداروں کو مکانات کے تخلیہ کی نوٹس جاری کی تھی تاہم اس پر عمل آوری نہیں ہوئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT