Sunday , April 30 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ وقف بورڈ کا آج پہلا اجلاس ۔ بعض اہم فیصلے متوقع

تلنگانہ وقف بورڈ کا آج پہلا اجلاس ۔ بعض اہم فیصلے متوقع

حیدرآباد۔10 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کا پہلا اجلاس کل ہفتہ 11 مارچ کو حج ہائوز میں طلب کیا گیا ہے۔ صدرنشین جناب محمد سلیم کے انتخاب کے بعد پہلی مرتبہ اجلاس طلب کیا گیا جس میں صدرنشین اور بورڈ کے اختیارات پر اہم فیصلے ہوسکتے ہیں۔ اجلاس کی طلبی کے بارے میں سرکاری سطح پر اگرچہ مختلف رائے ظاہر کی جارہی ہے تاہم صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ قانونی رائے حاصل کرنے کے بعد ہی اجلاس طلب کیا گیا۔ اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق صدرنشین کو اختیارات کے سلسلہ میں بورڈ غور و خوص کریگا۔ اسکے علاوہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور بورڈ کی آمدنی میں اضافے کیلئے تجاویز حاصل کی جاسکتی ہیں۔ عہدیداروں کی جانب سے حالیہ عرصہ کے بعض فیصلے بھی اجلاس میں زیر بحث آسکتے ہیں۔ بورڈ کی تشکیل کے مرحلہ میں عہدیداروں نے کئی فیصلے کئے جن پر ارکان اعتراضات کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ صدرنشین کی اجازت سے بعض ارکان متنازعہ فیصلوں پر نظرثانی کی اپیل کرسکتے ہیں۔ اسی دوران صدرنشین جناب محمد سلیم نے کہا کہ وقف بورڈ کی تشکیل کے دو ہفتے گزر گئے اور پہلی مرتبہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ارکان کی رائے حاصل کرکے فیصلے کئے جائیں گے اور اوقافی جائیدادوں کا تحفظ اہم مقصد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کی شکایات موصول ہوں گی ضرورت پڑنے پر وہ خود شخصی دورہ کریں گے۔ پہلے اجلاس کے بعد بورڈ اپنی کارکردگی میں متحرک ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ضلع کلکٹر کی صدارت میں کوآرڈینیشن کمیٹی موجود ہے جسے کارکرد بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور انہیں وقف بورڈ کو حوالے کرنے میں سنجیدہ ہیں۔ جناب محمد سلیم نے کہا کہ عدالتوں میں زیر دوران اوقافی مقدمات کی یکسوئی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT