Thursday , May 25 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ وقف بورڈ کی ذیلی کمیٹیوں کا اجلاس

تلنگانہ وقف بورڈ کی ذیلی کمیٹیوں کا اجلاس

درگاہ حضرات یوسفینؒ کی تولیت کا جائزہ، زائرین کو سہولت فراہم کرنے کا عزم:محمد سلیم
حیدرآباد۔/15اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی ذیلی کمیٹیوں کا آج اجلاس منعقد ہوا جس میں درگاہ حضرت حسین شاہ ولی ؒ کی اوقافی اراضی سے متعلق سپریم کورٹ میں مقدمہ اور شہر کی مشہور بارگاہ حضرات یوسفینؒ کی تولیت میں توسیع کی منسوخی جیسے اُمور کا جائزہ لیا گیا۔ وقف بورڈ نے گزشتہ ہفتہ اپنے اجلاس میں درگاہ حضرات یوسفینؒ کے موجودہ متولی کی میعاد کی تکمیل سے 6 ماہ قبل ہی مزید 3 سال کی توسیع سے متعلق احکامات کو کالعدم کردیا تھا۔ تولیت کمیٹی نے ان احکامات کی توثیق کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ متولی اپنی سابقہ میعاد تک برقرار رہیں گے اس کے بعد درگاہ کے اُمور وقف بورڈ اپنی راست نگرانی میں لے گا۔ کمیٹی نے فوری طور پر درگاہ کے تمام ہنڈیوں کو اپنی تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا ہے اور وقف بورڈ کی نگرانی میں ہنڈیوں کی کشادگی عمل میں آئے گی۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ کمیٹی نے درگاہ میں وضؤ خانے اور دیگر سہولتوں کی فراہمی اور زائرین کیلئے مزید بہتر انتظامات کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ درگاہ حضرت حسین شاہ ولی ؒ کی اوقافی جائیدادوں کے مقدمہ کی سپریم کورٹ میں سماعت 2 مئی کو مقرر ہے لہذا لیگل کمیٹی نے اس مقدمہ کی موثر پیروی کیلئے نامور وکلاء کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی نے اس مقدمہ کے سلسلہ میں موجودہ وکلاء کو ادا کردہ بھاری فیس کا بھی جائزہ لیا۔بتایا جاتا ہے کہ وقف بورڈ کی تشکیل سے قبل وکلاء کو بطور فیس کئی لاکھ روپئے ادا کئے گئے۔ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر وکلاء کو تبدیل کیا جائے گا۔ اس مقدمہ کی وقف بورڈ کے حق میں یکسوئی کیلئے تعاون کرنے چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ سے خواہش کی جائے گی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ درگاہ حضرت بابا شرف الدین ؒ کے انتظامات کے سلسلہ میں آج ہراج تھا اور 15لاکھ 70 ہزار روپئے میں ہراج کو قطعیت دی گئی۔ ذیلی کمیٹیوں نے انیس الغرباء کامپلکس کی تعمیر اور دیگر اُمور کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس میں صدرنشین کے علاوہ ملک معتصم خاں، معظم خاں، مولانا اکبر نظام الدین، زیڈ ایچ جاوید، محترمہ صوفیہ بیگم، وحید احمد ایڈوکیٹ نے شرکت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ وحید احمد ایڈوکیٹ نے ارکان کی سیٹنگ فیس 3000روپئے مقرر کرنے کی تجویز پیش کی ہے جس پر فیصلہ آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT