Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ و آندھرا پردیش ریاستوں میں اختلافات پر اظہار افسوس

تلنگانہ و آندھرا پردیش ریاستوں میں اختلافات پر اظہار افسوس

دونوں چیف منسٹرس سے بات چیت کرنے کا عزم ، مشترکہ ریاستوں کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن کا میڈیا سے خطاب
حیدرآباد۔/8جولائی، ( سیاست نیوز) گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے کہا کہ وہ بہت جلد تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے چیف منسٹرس سے بات چیت کریں گے تاکہ دونوں ریاستوں کے درمیان جاری تنازعات کی یکسوئی ہوسکے۔ گورنر نے اپنے دورہ گنٹور کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کئی اہم مسائل پر دونوں ریاستوں میں جاری اختلافات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ مسائل کی یکسوئی کیلئے پیش قدمی کررہے ہیں اور جلد ہی دونوں چیف منسٹرس سے بات چیت کریں گے۔ ای ایس ایل نرسمہن جو دونوں ریاستوں کے مشترکہ گورنر ہیں کہا کہ دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا اور اسی سے دونوں تلگو ریاستوں کی ترقی ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی جانب سے دونوں چیف منسٹرس سے متعلق معمولی باتوں کو بھی بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے جو مناسب نہیں ہے اور اس سے مسائل کی یکسوئی میں مدد نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو سے خواہش کی ہے کہ آندھرا پردیش کے نئے سکریٹریٹ میں گورنر کیلئے بھی دفتر فراہم کیا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ 10برسوں میں دونوں تلگو ریاستیں ترقی کے معاملہ میں دیگر ریاستوں سے آگے رہیں گی۔ انہوں نے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ وہ مشترکہ گورنر ہونے کے باوجود تلنگانہ کی حد تک خود کو محدود کرچکے ہیں۔ نرسمہن نے کہاکہ وہ حسب ضرورت آندھرا پردیش کا بھی دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کیلئے تلنگانہ اور آندھرا پردیش دونوں برابر ہیں اور کوئی اہم اور کوئی غیر اہم نہیں۔ انہوں نے ہائی کورٹ کی تقسیم اور پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر ریاستوں میں جاری تنازعہ پر کچھ بھی کہنے سے گریز کیا۔ تاہم یہ امید ظاہر کی کہ تنازعات کی جلد یکسوئی کرلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں کی ترقی کے ایجنڈہ کے ساتھ وہ دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کے دوران سکریٹریٹ کی تعمیر، نئے دارالحکومت سے متعلق دیگر اُمور پر بات چیت کی اور گورنر کی حیثیت سے اپنی بعض تجاویز پیش کی۔ گورنر نے وجئے واڑہ میں بعض مندروں میں خصوصی پوجا کی۔

TOPPOPULARRECENT