Thursday , April 27 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ و آندھرا پردیش میں اقلیتی طلبہ کو سیول سرویس کوچنگ

تلنگانہ و آندھرا پردیش میں اقلیتی طلبہ کو سیول سرویس کوچنگ

اعلامیہ کی اجرائی ، 13 دسمبر ادخال درخواست کی آخری تاریخ
حیدرآباد ۔ 21۔  نومبر  (سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھراپردیش میں اقلیتی طلبہ کیلئے سیول سرویسز کوچنگ کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ دونوں ریاستوں میں سرکاری خرچ پر اقلیتی طلبہ کو نامور کوچنگ سنٹرس میں سیول سرویسز کی کوچنگ فراہم کی جائے گی ۔ سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز کے ڈائرکٹر پروفیسر ایس اے شکورنے بتایا کہ دونوں ریاستوں میں امیدوار 13 ڈسمبر تک درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ 18 ڈسمبر کو آندھرا کے 13 اور تلنگانہ کے 9 مراکز پر اسکریننگ ٹسٹ منعقد کیا جائے گا جس کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب ہوگا۔ 24 ڈسمبر کو اسکریننگ ٹسٹ کے نتائج جاری کئے جائیں گے ۔ آندھراپردیش میں 100 اور تلنگانہ 60 طلبہ کا انتخاب کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں گزشتہ سال منتخب 40 طلبہ کو جاریہ سال کی کوچنگ کیلئے پہلے ہی چن لیا گیا ہے۔ اس طرح مزید 60 طلبہ کا اسکریننگ ٹسٹ کے ذریعہ انتخاب کیا جائے گا ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حکومت آندھراپردیش نے حیدرآباد اسٹڈی سرکل میں طلبہ کیلئے کوچنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تلنگانہ میں 4 نامور اداروں کا انتخاب کیا گیا جن میں حیدرآباد اسٹڈی سرکل ، آر سی ریڈی ، آئی اے ایس اسٹڈی سرکل ، برین ٹری اور لا اکسیلینس شامل ہیں۔ ان اداروں سے فیس کے مسئلہ پر بات چیت کے بعد کوچنگ کا آغاز کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ جن 40 طلبہ کا گزشتہ سال انتخاب کیا جاچکا تھا ، ان کیلئے کوچنگ جلد ہی شروع کی جائے گی۔ مذکورہ اداروں میں کوچنگ کیلئے اپنی فیس کے بارے میں حکومت کو اطلاع دی ہے۔ فیس کے مسئلہ پر مشاورت کیلئے تین عہدیداروں کو ذمہ داری دی گئی جن میں تفسیر اقبال آئی پی ایس ، بی شفیع اللہ اور پروفیسر ایس اے شکور شامل ہیں۔ سیول سرویسز کی کوچنگ 8 ماہ فراہم کی جاتی ہے اور اس کوچنگ کا مقصد سیول سرویسز میں اقلیتی نمائندگی میں اضافہ کرنا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے اقلیتی طلبہ سے خواہش کی ہے کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کریں گے اور بڑی تعداد میں اپنے نام درج کرائیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT