Friday , July 21 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ و آندھرا پردیش میں 18 جون تک موسلادھار بارش

تلنگانہ و آندھرا پردیش میں 18 جون تک موسلادھار بارش

بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی ، تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک ، محکمہ موسمیات کا انتباہ
حیدرآباد۔14جون(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش میں مانسون کے آغاز کے ساتھ ہی شروع ہونے والی بارش میں شدت کے متعلق جاری کئے جارہے انتباہ میں محکمہ موسمیات کی جانب سے توسیع دی گئی ہے اور نئی پیش قیاسی کے مطابق دونوں ریاستوں میں 18جون تک شدید بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ ڈائریکٹر جنرل انڈین میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ مسٹر کے جی رمیش کے مطابق دونوں ریاستوں تلنگانہ و آندھرا پردیش میں شدید اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنوب ۔ مغربی ریاستوں میں مانسون کے سرگرم ہوتے ہی تلنگانہ و آندھراپردیش میں بارش میں اضافہ ہو جائے گا۔ بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب دونوں ریاستوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج و چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 18جون تک موسلا دھار بارش کے امکانات کو خارج نہیں کیا جاسکتا کیونکہ 18جون تک اطراف کے علاقوںمیں بادل جمع ہونے لگے ہیں ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی اطلاعات کے ساتھ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بھی ڈاپلر امیج کے ذریعہ شہریوں کے لئے موسم کی صورتحال سے واقف کروایا جانے لگا ہے جس کے نتیجہ میں بارش اور بادل کی صورتحال کے متعلق شہریوں کو بھی قبل از وقت واقفیت حاصل ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون کی آمد کے ساتھ ہی آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور بیشتر مقامات پر 10ڈگری تک درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ دونوں ریاستوں میں درجہ حرارت میں کمی اور شدید بارش کی پیش قیاسی کے ساتھ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ریاست آندھرا پردیش کے ساحلی اضلاع میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے اورا ٓئندہ دنو ںمیں بارش میں اضافہ کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔بتایاجاتاہے کہ سریکاکلم ‘ وجیا نگرم‘ وشاکھاپٹنم‘ مشرقی و مغربی گوداوری کے علاوہ کرشنا‘ گنٹور اور تلنگانہ کے کئی اضلاع میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ڈاپلر راڈر امیج کے ذریعہ ہر ایک یا دو گھنٹہ میں شہر بالخصوص بلدی حدود کے اطراف پیدا ہونے والی موسمی صورتحال کے متعلق مطلع کیا جانے لگا ہے اور عہدیداروں و شہریوں کو اس ڈاپلر امیج سے استفادہ کرتے ہوئے کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT