Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ و اے پی کے عازمین حج کا سعودی ایر لائنس کے ذریعہ سفر حج

تلنگانہ و اے پی کے عازمین حج کا سعودی ایر لائنس کے ذریعہ سفر حج

سعودی ایر لائنس و تلنگانہ حج کمیٹی عہدیداروں کا اجلاس ، فلائٹ شیڈول پر تبادلہ خیال
حیدرآباد۔6 جولائی (سیاست نیوز) سعودی ایئر لائنس نے حج 2017ء کے لیے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین حج کو روانگی اور واپسی کے موقع پر بہتر سہولتیں فراہم کرنے کا تیقن دیا ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے دو سال کے وقفے کے بعد تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین حج کے لیے سعودی ایرلائنس کی خدمات الاٹ کی ہیں۔ دو سال تک ایرانڈیا نے یہ خدمت انجام دی تھی۔ سعودی ایرلائنس کے اعلی عہدیداروں نے آج تلنگانہ حج کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور فلائٹ شیڈیول پر تبادلہ خیال کیا۔ حج ہائوز اور ایرپورٹ پر فراہم کی جانے والی سہولتوں کا مسئلہ بھی زیر بحث رہا۔ عازمین حج کی فلائٹس کا 13 اگست کو آغاز ہوگا اور 22 اگست تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ 10 دن میں 14 پروازیں شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے جدہ کے لیے روانہ ہوں گی۔ تلنگانہ و آندھراپردیش کے عازمین حج کی روانگی چوں کہ دوسرے مرحلہ میں ہے لہٰذا وہ بحالت احرام جدہ کے لیے روانہ ہوں گے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور اسٹیشن منیجر سعودی ایرلائنس پریم کمار کے علاوہ عبدالواحد اسسٹنٹ اسٹیشن منیجر، مجاہد علی طاہر منیجر ایڈمنسٹریشن اور قطب الدین احمد خاں سیلس منیجر دیگر اسٹاف کے ساتھ اجلاس میں شریک تھے۔ سعودی ایرلائنس کے حکام نے بتایا کہ فی عازم 55 کیلو وزن لیجانے کی گنجائش رہے گی جس میں 45 کیلو لگیج اور 10 کیلو ہینڈ کیری شامل رہے گا۔ 22.5 کیلو کے دو سوٹ کیس رکھنے چاہئیں اور اسی طرح کے کارٹون وغیرہ کو لگیج میں قبول نہیں کیا جائے گا۔ عہدیداروں نے روانگی اور واپسی کے موقع پر تمام پروازیں مقررہ وقت پر چلانے کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایرپورٹ یا پھر پرواز کے دوران ناشتہ یا لنچ کا وقت آجائے تو سعودی ایرلائنس کی جانب سے اس کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ واپسی کے موقع پر فی عازم زم زم کا کیان حیدرآباد میں حوالے کیا جائے گا۔ سعودی ایرلائنس کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پرواز کے دوران عازمین کو خوشبو کے ٹیشو پیپر نہ دیں کیوں کہ حالت احرام میں خوشبو کا استعمال منع ہے۔ عام طور پر طیاروں میں مسافرین کو خوشبو کے ٹیشو پیپر سربراہ کیئے جاتے ہیں۔ سعودی ایرلائنس کے حکام نے ہر فلائٹ کے عازمین کا مکمل لگیج اسی فلائٹ میں منتقل کرنے کا یقین دلایا اور کہا کہ اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ کسی کا لگیج بھی جدہ میں چھوٹنے نہ پائے۔ سعودی ا یرلائنس عہدیداروں نے حج کیمپ کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور انہیں بتایا گیا کہ تمام ضروری امور کی تکمیل حج ہائوز میں کی جائے گی ۔ جاریہ ماہ کے تیسرے ہفتے میں 26 محکمہ جات کے عہدیداروں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوگا جس میں حج کیمپ کے انتظامات کو قطعیت دی جائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ حج کیمپ کے انعقاد میں 26 مختلف محکمہ جات کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ ایرلائنس عہدیداروں نے حج کمیٹی سے خواہش کی کہ عازمین حج سے بطور خاص اپیل کریں کہ ممنوعہ اشیاء ساتھ نہ رکھیں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچاجاسکے۔ حیدرآباد اور اضلاع میں تربیتی اجتماعات میں ممنوعہ اشیاء کے بارے میں عازمین حج کو واقف کیا جاچکا ہے۔

TOPPOPULARRECENT