Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن ، 848 جائیدادوں پر تقررات

تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن ، 848 جائیدادوں پر تقررات

عنقریب اعلامیہ کی اجرائی ، مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات یقینی
حیدرآباد۔/18اگسٹ،( سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن بہت جلد پہلے مرحلہ میں 848 جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کردے گا۔ ان جائیدادوں پر تقررات کیلئے جو روسٹر سسٹم طئے کیا گیا ہے اس میں مسلمانوں کو 4فیصد تحفظات شامل ہیں۔ اس طرح اقلیتی امیدوار مذکورہ جائیدادوں پر تقررات کے عمل میں شامل ہوتے ہوئے سرکاری ملازمتوں میں اپنی حصہ داری میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ حکومت نے موجودہ روسٹر سسٹم کے مطابق ہی تقررات کی ہدایت دی ہے اور تلنگانہ کے اقلیتی نوجوانوں کیلئے سرکاری ملازمتوں کے حصول کا یہ سنہری موقع ہے۔ پبلک سرویس کمیشن کے رکن متین الدین قادری نے بتایا کہ 848جائیدادوں کے اعلامیہ کو قطعیت دی جاچکی ہے اور قانونی مشاورت کے بعد توقع ہے کہ اندرون دو یوم اعلامیہ جاری کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ مجموعی طور پر 3783 جائیدادوں پر تقررات کا منصوبہ ہے تاہم پہلے مرحلے میں جن 848جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ان میں سیول اور میکانیکل انجینئرس کی جائیدادیں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ میں 480جائیدادوں کیلئے اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جن محکمہ جات میں جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ان کی تفصیلات حسب ذیل ہیں: پبلک ہیلت انجینئرس 121، ہیلت 5، عمارات و شوارع 83، کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ 143 سیول انجینئرس، کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ 16میکانیکل انجینئرس۔ متین الدین قادری نے کہا کہ حکومت نے تقررات کے سلسلہ میں نئے روسٹر سسٹم کو قطعیت نہیں دی ہے لہذا حکومت کی جانب سے نئے احکامات تک موجودہ روسٹر سسٹم پر ہی عمل کیا جائے گا۔ متین الدین قادری نے کمیشن کے صدرنشین اور دیگر ارکان کو اس بات کیلئے راضی کیا کہ تقررات سے متعلق اعلامیہ اردو اخبارات میں بھی شائع کیا جائے۔

TOPPOPULARRECENT