Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں تشکیل عاملہ کی تیاری

تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں تشکیل عاملہ کی تیاری

غیر ذمہ دار افراد عہدہ سے علحدہ ہوں گے، سرگرم قائدین کو عہدے، چند عہدوں کی کٹوتی

حیدرآباد ۔ 20 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں عاملہ تشکیل دینے کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ پارٹی کی سرگرمیوں سے دور رہنے والے قائدین کو عہدوں سے علحدہ کرتے ہوئے کام کرنے والے قائدین کو ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سکریٹریز، جوائنٹ سکریٹریز اور ترجمان کی تعداد کو گھٹانے سے بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی کو پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت سونپنے کے بعد سے نئی عاملہ کی تشکیل کے عمل کو زیرالتواء رکھا گیا ہے۔ ریاست میں انتخابات کے بعد کانگریس پارٹی ہائی کمان نے دوبارہ عاملہ تشکیل دینے کی طرف توجہ دی ہے۔ پارلیمنٹ سیشن کے دوران یا بعد میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ تشکیل دینے کا قوی امکان ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی 21 فبروری کو خانگی دورہ پر دہلی جارہے ہیں۔ اگر ممکن ہوسکا تو کانگریس ہائی کمان کے سینئر قائدین سے بھی ملاقات کرسکتے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ ڈگ وجئے سنگھ نے اپنے دورہ حیدرآباد کے موقع پر پارٹی کے سینئر قائدین سے مختلف موضوعات پر بات چیت کی ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ تازہ سیاسی صوتحال کے پیش نظر چند قائدین نے انتخابی مہم اور پارٹی کی سرگرمیوں سے اپنے آپ کو دور رکھا ہے اور چند قائدین نے پارٹی کے مہمانوں کی طرح کام کیا ہے۔ پارٹی کے عہدے رکھنے کے باوجود اور ذمہ داریاں سونپنے کے باوجود کام کرنے کے بجائے صرف شکایتیں اور تنقیدیں کرنے میں وقت ضائع کیا ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کام نہ کرنے والے قائدین کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے انہیں نظرانداز کرتے ہوئے کام کرنے والے قائدین کو مزید ذمہ داریاں سونپنے کی ہدایت دی ہے۔ فی الحال تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں 7 نائب صدور، 8 جنرل سکریٹریز، 80 سکریٹریز، 60 جوائنٹ سکریٹریز اور تقریباً 100 ترجمان ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ آندھراپردیش کے طرز پر جمبو عاملہ تشکیل پاسکتی ہے مگر سکریٹریز، جوائنٹ سکریٹریز اورترجمان کی تعداد کو گھٹایا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیلیویژن چینل  پر مباحث میں حصہ لینے کیلئے پیانل تیار کیا جاسکتا ہے تاکہ پارٹی کے موقف کو صحیح ڈھنگ سے عوام تک پہنچایا جاسکے۔ جنرل سکریٹریز اور نائب صدور کی فہرست میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ پارٹی قائدین کو متحرک کرنے پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش پیدا کرنے کیلئے منڈل تا ضلع سطح تک بھی پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے میں تبدیلی لانے اسٹیٹ کے نائب صدور اور جنرل سکریٹریز کو اضلاع کے انچارجس کے علاوہ دوسری ذمہ داریاں سونپتے ہوئے پارٹی کو سرگرم بنانے اور مختلف پروگرامس کے ذریعہ عوام تک پہنچنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT