Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ پٹرولیم ٹینک ٹرک اونرس کی 29 مئی سے ہڑتال

تلنگانہ پٹرولیم ٹینک ٹرک اونرس کی 29 مئی سے ہڑتال

حیدرآباد۔24مئی(سیاست نیوز)تلنگانہ پٹرولیم ٹینک ٹرک اونرس اسوسیشن کے ذمہ داران نے 29مئی کی نصف شب سے ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے پورے ہندوستان میں سوائے ریاست تلنگانہ کے کہیں پر بھی مالبردار لاریوں سے ویاٹ وصول کیانہیںجاتا ہے۔ آج یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سکریٹری اسوسیشن سید عارف الحسن نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کے اس فیصلے سے ریاست کے شعبہ خانگی ٹرانسپورٹ کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے حالیہ دنوں میں خانگی ٹرانسپورٹ شعبہ پر 14.5فیصد ویاٹ کا اضافہ کرتے ہوئے ٹرک او رلاری اونرس کے لئے ایک نئی الجھن پیدا کردی ہے ۔ انہو ںنے کہاکہ پٹرول ‘ ڈیزل اور سی این جی سے لدے ٹرکس کا ایکطرفہ کرایہ ایک لاکھ ساٹھ ہزار روپئے ہوتا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ایک لاکھ کے قریب ڈیزل خرچ کے بعد علاقائی ٹکس اور دیگر ضرورتوں کی تکمیل کے بعد بیس تا پچیس ہزار روپئے کی بچت ہوتی ہے ایسے میں14.5فیصد ویاٹ کا اضافہ ٹرک اونرس کے لئے نقصاندہ فیصلہ ثابت ہورہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ نقصان میںگاڑیاں چلانے کے بجائے ہم اپنی گاڑیو ں کو بند کردیں ۔ سیدعارف الحسن نے کہاکہ اس ضمن میںہم نے ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندرا سے ملاقات کرتے ہوئے انہیںایک تحریری یادواشت بھی پیش کی تھی جس پر انہوں نے کمشنر کمرشیل ٹیکس کے ہمراہ ہماری ایک میٹنگ منعقد کرنے کا بھی وعدہ کیاتھا جس پر اب تک عمل آواری ندارد ہے۔ صدر اسوسیشن کے راج شیکھر ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سکریٹریٹ کے روبرود ھرنا یا پھر احتجاجی مظاہروں کے بجائے ہم پرامن انداز میں اپنے مطالبات کی یکسوئی کے لئے 29مئی کی نصب شب سے تلنگانہ میں ٹرکس کی ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل حکومت تلنگانہ ہمارے مطالبات پر غور وفکر کرتے ہوئے ویاٹ کے متعلق اپنے فیصلے سے دستبرداری اختیار کرتی ہے تو ہم بھی اپنا فیصلہ واپس لینے کے لئے تیار ہیں۔اس موقع پر نائب صدر ایم راج وردھن ریڈی‘ جوائنٹ سکریٹری کے سدھاکر ریڈی‘ ایل پی جی اسوسیشن صدر اشوک کمارکے علاوہ راجہ امرام‘ محمد سراج الدین او ردیگر بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT