Tuesday , October 24 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ پی ایس سی صیغہ راز میں اے پی پی ایس سی ملازمین کا داخلہ

تلنگانہ پی ایس سی صیغہ راز میں اے پی پی ایس سی ملازمین کا داخلہ

ریکارڈ کو نقصان پہنچانے کی مبینہ کوشش کے خلاف گورنر سے نمائندگی، پولیس میں شکایت درج
حیدرآباد۔/21اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن میں آج اس وقت ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی جب آندھرا پردیش پبلک سرویس کمیشن سے تعلق رکھنے والے ملازمین نے دفتر کے انتہائی رازدارانہ حصہ میں غیر قانونی طور پر داخل ہوکر ریکارڈ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ اس واقعہ پر تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے سخت احتجاج کرتے ہوئے نہ صرف پولیس میں شکایت درج کی بلکہ آندھرا پردیش پبلک سرویس کمیشن کے خلاف گورنر سے شکایت کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش پبلک سرویس کمیشن کے بعض ملازمین تلنگانہ کمیشن کے رازدارانہ شعبہ کے قفل کو نقلی چابی سے کھول کر داخل ہوئے اور وہاں موجود ریکارڈ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ کمیشن کے ملازمین کو کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ تلنگانہ کمیشن کے عہدیداروں کا الزام ہے کہ تقررات کے سلسلہ میں شروع کئے گئے اقدامات کو نقصان پہنچانے کیلئے یہ حرکت کی گئی۔ کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر چکراپانی اور رکن این وٹھل نے آندھرائی ملازمین کے اس رویہ پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے شکایت کی جارہی ہے۔ پبلک سرویس کمیشن کی عمارت میں دوسری اور تیسری منزل تلنگانہ اور چوتھی اور پانچویں منزل آندھرا پردیش کیلئے الاٹ کی گئی ہے۔ پہلی منزل دونوں ریاستوں کے مشترکہ استعمال میں ہے جو معاہدہ میں شامل ہے۔ اس معاہدہ کو گورنر کی منظوری حاصل ہے لیکن آندھرا پردیش کمیشن کے ملازمین نے معاہدہ کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے ملازمین نے ابھی تک دوسری اور تیسری منزل کا تخلیہ نہیں کیا اور وہیں سے اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جگہ کی قلت کے باعث تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے پانچویں منزل پر اپنا رازدارانہ روم قائم کیا۔ آج صبح سیما آندھرا کے ملازمین اس روم میں غیر قانونی طور پر داخل ہوگئے۔ تلنگانہ کمیشن کے عہدیداروں نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ آندھرائی ملازمین دراصل تقررات کے عمل میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقررات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی کے بعد کمیشن کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے لہذا آندھرا پردیش کمیشن کے عہدیداروں کو دوسری اور تیسری منزل سے فوری دفاتر کا تخلیہ کرنا چاہیئے۔ تلنگانہ کمیشن کے عہدیداروں نے بیگم بازار پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرتے ہوئے اہم دستاویزات کے غائب ہونے کی اطلاع دی۔ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT