Monday , May 29 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کو 3367 اور آندھرا پردیش 2728 عازمین کا کوٹہ الاٹ

تلنگانہ کو 3367 اور آندھرا پردیش 2728 عازمین کا کوٹہ الاٹ

18 مارچ کو دونوں ریاستوں کی قرعہ اندازی ، سنٹرل حج کمیٹی کا اعلان ، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔10 مارچ (سیاست نیوز) حج 2017ء کے لیے تلنگانہ کو 3367 اور آندھراپردیش کو 2728 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔ ان دونوں ریاستوں میں قرعہ اندازی 18 مارچ کو ہوگی۔ سنٹرل حج کمیٹی نے آج ملک کی تمام ریاستوں کے لیے حج کوٹے کا اعلان کردیا جس کے مطابق تلنگانہ اور آندھراپردیش کو گزشتہ سال کے مقابلہ 20 فیصد زیادہ کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ گزشتہ سال تلنگانہ کا حج کوٹہ 3532 تھا جبکہ موصولہ درخواستوں کی تعداد 17800 تھی۔ دو محفوظ زمرہ جات کے عازمین کے انتخاب کے بعد صرف 328 نشستوں کے لیے قرعہ اندازی کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال صرف 330 نشستوں کے لیے قرعہ اندازی ہوگی۔ 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرے کے تحت 743 اور مسلسل چوتھی مرتبہ درخواست دینے والے محفوظ زمرے کے تحت 2286 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور ان تمام کو قرعہ اندازی کے بغیر منتخب قرار دیا گیا ہے۔ محفوظ زمرہ جات کے بعد صرف 330 نشستیں کھلے زمرے میں بچ رہی ہیں جن کے لیے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی 18 مارچ کو حج ہائوز نامپلی میں مقررہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ جاریہ سال تلنگانہ کو 835 نشستوں کا اضافہ ہوا ہے۔ حرم شریف میں تعمیری کاموں کے سبب گزشتہ چار برسوں تک تمام ریاستوں کے حج کوٹہ میں 20 فیصد کی کٹوتی کی گئی جسے اب بحال کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی کے لیے جملہ 1,23,700 کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا جسے ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں مسلم آبادی کے تناسب سے تقسیم کیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں مسلمانوں کی آبادی 44 لاکھ 64 ہزار 852 ہے جو ملک کی آبادی کا 2.59 فیصد ہے۔ اس تناسب سے تلنگانہ کو 3367 نشستیں الاٹ کی گئی ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تلنگانہ کے عام زمرے کے عازمین کے انتخاب کے لیے 18 مارچ کو 10:30 بجے دن حج ہائوز میں قرعہ اندازی مقرر ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی قرعہ اندازی کا افتتاح کریں گے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو جملہ 20635 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں 20601 بالغ عازمین اور 34 شیرخوار شامل ہیں۔ محفوظ زمرہ اول یعنی 70 سال یا اس سے زائد عمر کے 743 عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب ہوچکا ہے جبکہ مسلسل چوتھی مرتبہ 2286 درخواستیں منتخب کی گئیں۔ 8 عازمین ایسے ہیں جنہوں نے پانچویں مرتبہ درخواست دی ہے۔ مجموعی طور پر دونوں محفوظ زمرہ جات کے تحت 3037 عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب عمل میں آیا۔ انہوں نے بتایا کہ عام زمرے کے تحت 17564 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ تمام منتخب عازمین حج مصارف کی پہلی قسط کے طور پر 81 ہزار روپئے 30 اپریل سے قبل داخل کردیں۔ واضح رہے کہ حج 2017ء کے لیے 2 جنوری سے درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوا تھا اور 6 فروری تک درخواستیں قبول کی گئیں۔ آندھراپردیش کے لیے 2723 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ قرعہ اندازی وجئے واڑہ میں ہوگی۔ تاہم آندھراپردیش کے عازمین کی روانگی حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے ہوگی۔ تلنگانہ حکومت نے مرکز سے اضافی کوٹہ حاصل کرنے کی مساعی کی ہے اور توقع ہے کہ قرعہ اندازی کے بعد اس سلسلہ میں سرکاری سطح پر نمائندگی کی جائے گی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT