Friday , October 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ میں اضافہ کی اپیل

تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ میں اضافہ کی اپیل

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی وزیر خارجہ سشما سوراج کو یادداشت
حیدرآباد۔/5اپریل، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی اور تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ میں اضافہ کی اپیل کی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ایک یادداشت حوالہ کرتے ہوئے بتایا کہ جاریہ سال تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ درخواستوں کے اعتبار سے انتہائی ناکافی رہا۔ نئی ریاست تلنگانہ میں اقلیتوں کی آبادی 45لاکھ سے زائد ہے اور اس اعتبار سے کم سے کم 4000 حج کوٹہ الاٹ کیا جانا چاہیئے برخلاف اس کے جو کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا اس میں 2200 نشستیں محفوظ زمرہ کے تحت قرعہ اندازی کے بغیر پُر ہوگئیں اور صرف 325نشستوں کیلئے قرعہ اندازی کی جاسکی۔ انہوں نے بتایا کہ ہزاروں درخواست گذاروں کو مایوسی ہوئی ہے۔ سشما سوراج نے نمائندگی کی بغور سماعت کی اور تیقن دیا کہ وہ خصوصی کوٹہ الاٹ کرنے کیلئے مساعی کریں گی۔ انہوں نے اقلیتی بہبود اور عازمین حج کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کے اقدامات کی ستائش کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے حیدرآباد میں سعودی کونسلیٹ کے قیام کی اجازت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سعودی عرب نے حیدرآباد میں کونسلیٹ کے قیام سے اصولی طور پر اتفاق کرلیا ہے اور صرف مرکز کی منظوری کا انتظار ہے۔ کونسلیٹ کے قیام سے نہ صرف حج و عمرہ بلکہ سعودی عرب میں مقیم حیدرآبادیوں کے مسائل کی یکسوئی میں مدد ملے گی۔ تلنگانہ سے 8لاکھ سے زائد افراد سعودی عرب میں برسر روزگار ہیں انہیں مختلف مسائل کا سامنا ہے اور حیدرآباد میں کونسلیٹ کے قیام سے عوام کو رجوع ہونے میں سہولت ہوگی۔ سشما سوراج نے اس مسئلہ کا جائزہ لینے اور ہمدردانہ غور کا تیقن دیا۔ محمود علی نے بتایا کہ سعودی سفیر آئندہ ماہ حیدرآباد کے دورہ پر آرہے ہیں اس موقع پر کونسلیٹ کے قیام کے سلسلہ میں بات چیت کی جائے گی۔ اس موقع پر نئی دہلی میں تلنگانہ حکومت کے نمائندے وینوگوپال چاری اور دوسرے موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT