Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کی ترقی میں کانگریس کی رکاوٹ ، پارٹی پر طلبہ کو مشتعل کرنے کا الزام

تلنگانہ کی ترقی میں کانگریس کی رکاوٹ ، پارٹی پر طلبہ کو مشتعل کرنے کا الزام

کانگریس پارٹی اسکام اور بے قاعدگیوں کا مرکز ، ٹی آر ایس ارکان مقننہ کے پربھاکر اور ونئے بھاسکر کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 19۔ جولائی (سیاست نیوز) ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی نے کانگریس پارٹی پر الزام عائد کیا کہ وہ تلنگانہ کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہے ۔ پارٹی کے ارکان مقننہ کے پربھاکر اور ونئے بھاسکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کے اس دعویٰ کو مضحکہ خیز قرار دیا کہ کانگریس نے تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے۔ ارکان مقننہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی تاریخ کبھی بھی قربانیوں سے مربوط نہیں ہے بلکہ کانگریس نے ہمیشہ بے قاعدگیوں اور لوٹ میں نام کمایا ہے۔ اتم کمار ریڈی جس وقت وزیر تھے ، کانگریس حکومت نے تلنگانہ کے جہد کاروں پر مظالم ڈھائے تھے اور ان پر جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے جیلوں میں بند کیا تھا ، اس وقت اتم کمار ریڈی خاموش تماشائی بنے رہے اور آندھرائی قائدین کا ساتھ دیا لیکن آج تلنگانہ پر مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے حصول کیلئے جب تمام ا رکان نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا تو اتم کمار ریڈی استعفیٰ دیئے بغیر نئی دہلی راہ فرار اختیار کی اور اپنے عہدہ کا تحفظ کیا۔ اتم کمار ریڈی کے علاوہ دیگر کانگریس قائدین روزانہ وہی پرانے الزامات پر مبنی بیانات جاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تقررات کے بارے میں تفصیلات حاصل کئے بغیر کانگریس قائدین نوجوانوں کو مشتعل کر رہے ہیں۔ پربھاکر نے کہا کہ کانگریس قائدین نے یہ جاننے کی کوشش بھی نہیں کی کہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تقررات کا کیا موقف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ اقتدار میں آنے کا خواب دیکھتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے بیروزگار نوجوانوں کیلئے ماہانہ 3000 روپئے وظیفہ کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی میں وعدہ کیا تھا کہ ایک لاکھ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔ ابھی تک 40,000 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے گئے ۔ مزید 20,000 جائیدادوں پر تقررات کا مرحلہ جاری ہے۔ پربھاکرنے کہا کہ باقی 40,000 جائیدادوں پر عنقریب تقررات عمل میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے کبھی بھی ہر گھر کیلئے ایک ملازمت فراہم کرنے کا وعدہ نہیں کیا تھا ۔ پربھاکر نے کانگریس قائدین سے سوال کیا کہ 10 برسوں کے اقتدار کے دوران انہوں نے مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی کیوں نہیں کی ۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ پر کانگریس قائدین کی تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے ٹی آر ایس ارکان مقننہ نے کہا کہ کے ٹی آر پر تنقید کا اخلاقی حق نہیں ہے ۔ انہوں نے کے ٹی آر اور راہول گاندھی کا تقابل کرتے ہوئے ریمارک کیا کہ کے ٹی آر بچے نہیں بلکہ ایک بجلی کی طرح ہیں جبکہ راہول گاندھی آئرن لگ رہے ہیں ، وہ جہاں بھی قدم رکھتے ہیں کانگریس پارٹی کا صفایا ہورہا ہے ۔ راہول گاندھی دراصل فیک گاندھی اور پپو کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ اس کے برخلاف کے ٹی آر نے وزیر کی حیثیت سے بہتر کارکردگی کے ذریعہ دنیا بھر میں اپنی شناخت بنائی ہے۔ ارکان مقننہ نے کہا کہ راہول گاندھی کو جتنا سیاسی تجربہ حاصل ہے ، اس سے کہیں زیادہ کے ٹی آر تجربہ کار ہیں۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ تحریک میں سرگرمی سے حصہ لیا تھا اور ان پر کانگریس حکومت نے 12 مقدمات درج کئے۔ وزیر کی حیثیت سے وہ آج بھی ریلوے کورٹ میں مقدمات کیلئے حاضری دے رہے ہیں۔ ارکان مقننہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی اسکامس اور بے قاعدگیوں کا مرکز ہے اور اس کے قائدین تلنگانہ کے غدار ہیں ۔ گاندھی بھون گینگ حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر رہی ہے ۔

ایم ڈی یونانی انٹرنس نیٹ ( پی جی ) کی
آج سے فری کوچنگ کلاسیس
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جولائی : ( راست ) : سال گزشتہ سے ایم ڈی یونانی کا انٹرنس سی بی ایس ای کے تحت نیٹ ( پی جی ) میں ہورہا ہے جو کمپیوٹر پر مبنی ہے ۔ انٹرنس ٹسٹ 6 اگست کو ہوگا ۔ اس ضمن میں یونانی میڈیکل اسوسی ایشن کے زیر اہتمام یونانی کے طلبہ کے لیے کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر خواجہ بدر الدین صدیقی چیرمین یونانی میڈیکل اسوسی ایشن سرپرستی کریں گے ۔ ماہر اور تجربہ کار پروفیسرس کی زیر نگرانی میں میڈیا پلس آڈیٹوریم روبرو اسٹیٹ بینک گن فاونڈری عابڈس میں 20 جولائی سے کوچنگ کا آغاز ہورہا ہے جس کے اوقات صبح 7-30 بجے تا 10-30 بجے ہوں گے ۔ ڈاکٹر محمد رفیع حیدر شکیب صدر UMA اور سکریٹری ڈاکٹر عبدالرحمن خان نے یونانی اطباء اور یونانی گریجویٹس سے استفادہ کی اپیل کی ہے ۔ رجسٹریشن کیلئے 9494942786 پر ربط کریں ۔۔

TOPPOPULARRECENT