Monday , August 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / تلنگانہ کی ترقی کیلئے مزید جدوجہد کرنے کا عہد

تلنگانہ کی ترقی کیلئے مزید جدوجہد کرنے کا عہد

سوریا پیٹ میں تہنیتی تقریب سے ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کا خطاب
سوریا پیٹ۔/13فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر برقی و رکن اسمبلی سوریا پیٹ مسٹر جی جگدیش ریڈی کو چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے وزیر امداد باہمی کے زائد قلمدان دیئے جانے پر سوریا پیٹ ٹی آر ایس قائدین و چیرمین بلدیہ گنڈوری پاولیکا و دیگر نے وزیر موصوف کو تہنیت پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی۔ واضح رہے کہ وزیر برقی جگدیش ریڈی جو کہ چیف منسٹر کے سی آر کے دست راست ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں، کے سی آر کے پاس کے ٹی آر کے بعد موصوف کو بااعتماد رفیق ہونے کا درجہ حاصل ہے۔ جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آر ایس کی تاریخ ساز کامیابی ملنے پر چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے بطور تحفہ جگدیش ریڈی کو وزیر امداد باہمی کا زائد قلمدان دیئے جانے کی اطلاع ہے کیونکہ وزیر برقی جگدیش ریڈی نے حیدرآباد میں مقیم رہ کر گریٹر حیدرآباد انتخابات میں اوپل، حبشی گوڑہ، دلسکھ نگر، ایل بی نگر، ونستھلی پورم، مولا علی و دیگر حلقوں میں ٹی آر ایس امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلائی۔ ان تمام حلقوں سے ٹی آر ایس نے بھی اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس تاریخ ساز کامیابی پر کے سی آر نے وزیر برقی جگدیش ریڈی کو وزیر امداد باہمی کا قلمدان عطا کیا۔ قبل ازیں یہ قلمدان چیف منسٹر کے پاس تھا۔ جیسے ہی یہ اطلاع عام ہوئی تو سوریا پیٹ ٹی آر ایس حلقوں میں مسرت و خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ان کے حامیوں نے یہاں پر زبردست آتشبازی کرتے ہوئے رقص کیا اور جگدیش ریڈی کو ترقی اور اعزاز ملنے پر ان کے حق میں پرشگاف نعرے  لگائے۔ وزیر موصوف کو تہنیت پیش کرنے والوں میں چیرپرسن بلدیہ کے علاوہ چیرپرسن کے شوہر ممتاز صنعت کار گنڈوری پرکاش، ٹی آر ایس ٹاون صدر سرینواس گوڑ، کونسلر بی رینوکا، ومشی دھر قائد ٹی آر ایس شامل ہیں۔ اس موقع پر وزیر جگدیش ریڈی نے تہنیت پیش کرنے والے قائدین سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کے سی آر کی جانب سے وزیر امداد باہمی کا زائد قلمدان ملنے پر مسرت و خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تلنگانہ کی ترقی کیلئے اپنی مساعی جاری رکھنے کا عہد کیا۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے وزیر امداد باہمی کا قلمدان عطا کرنے پر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا۔

TOPPOPULARRECENT