Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت میں مسلم نمائندگی میں اضافہ کا امکان

تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت میں مسلم نمائندگی میں اضافہ کا امکان

ریاست کی سیاست میں اہم تبدیلیوں کی پیش قیاسی ، مسلم ارکان مقننہ میں چہ مگوئیاں
حیدرآباد ۔ 19۔ستمبر (سیاست نیوز) برسر اقتدار ٹی آر ایس میں مسلم نمائندوں کی تعداد میں آئندہ ماہ اضافہ ہوگا اور توقع ہے کہ چندر شیکھر راؤ وزارت میں مسلم نمائندگی ایک سے بڑھ کر دو ہوجائے گی۔ سابق وزیر محمد فریدالدین کے قانون ساز کونسل کیلئے متفقہ انتخاب کی راہ ہموار ہوچکی ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی فریدالدین کے حامیوں میں کافی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ 17 اکتوبر کو ایم ایل اے کوٹہ سے قانون ساز کونسل کی ایک مخلوعہ نشست کیلئے رائے دہی مقرر ہے اور چونکہ چیف منسٹر نے پہلے ہی محمد فرید الدین کی امیدواری کا اعلان کردیا ہے، لہذا ان کا قانون ساز کونسل کیلئے انتخاب اب محض رسمی کارروائی کے سواء کچھ نہیں۔ ٹی آر ایس میں ایک طرف مسلم ارکان مقننہ کی تعداد میں اضافہ ہوگا تو دوسری طرف ریاست کی سیاست میں بھی اہم تبدیلیوں کی پیش قیاسی کی جارہی ہے۔ پارٹی کے قائدین کا مانناہے کہ چیف منسٹر اپنی کابینہ میں مسلم نمائندگی میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ فریدالدین کے نام کے اعلان کے ساتھ ہی نہ صرف ظہیرآباد بلکہ ٹی آر ایس پارٹی کے حلقوں میں کافی سرگرمیاں دیکھی گئیں اور پارٹی سے وابستہ دیگر مسلم ارکان مقننہ کے حامیوں میں مختلف چے مہ گوئیاں سنی گئیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی کئی قائدین و کارکنوں نے فریدالدین کو مبارکباد پیش کی۔ پارٹی کے بعض سینئر قائدین اور وزراء کی جانب سے بھی مبارکباد پیش کئے جانے کی اطلاع ملی ہے۔ محمد فریدالدین کانگریس دور حکومت میں ریاست میں اہم اقلیتی قائد کی حیثیت سے ابھرے تھے اور ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی وزارت میں وہ بحیثیت وزیر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے ظہیر آباد اسمبلی حلقہ کے محفوظ نشست میں تبدیل ہونے کے بعد کانگریس ہائی کمان کی ہدایت پر حلقہ اسمبلی عنبرپیٹ سے مقابلہ کیا تھا ۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد فریدالدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ نظم و نسق میں ان کے تجربہ کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر انہیں اہم ذمہ داری دینے کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ پارٹی کے دیگر مسلم ارکان مقننہ میں کسی کو بھی وزارت کا تجربہ نہیں ہے۔ ٹی آر ایس کے دیگر مسلم ارکان مقننہ میں عامر شکیل رکن اسمبلی کے علاوہ محمد سلیم اور فاروق حسین ارکان قانون ساز کونسل شامل ہیں۔ توقع ہے کہ فریدالدین بہت جلد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کریں گے اور پرچہ نامزدگی کے ادخال پر بات چیت کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT