Saturday , July 29 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس میں اپوزیشن رکاوٹ

تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس میں اپوزیشن رکاوٹ

تلگودیشم نے ہمیشہ عوام کو دھوکہ دیا، کانگریس بجھتا ہوا چراغ، بی سمن

حیدرآباد۔/4فبروری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی سمن نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن جماعتیں کرشنا اور گوداوری دریاؤں کا پانی تلنگانہ کو منتقل کرنے کی راہ میں رکاوٹ پیدا کررہی ہیں۔ انہوں نے تلگودیشم اور کانگریس قائدین پر کسانوں کے مفادات کے خلاف کام کرنے کا الزام عائد کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمن نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی کے قائد ریونت ریڈی تلنگانہ کے پراجکٹس میں رکاوٹ کے واحد ایجنڈہ کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ تلنگانہ تحریک کے دوران ریونت ریڈی اور دیگر تلگودیشم قائدین نے متحدہ ریاست کے حق میں مہم چلائی تھی اور وہ علحدہ تلنگانہ کے مخالف تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کو اس بات کا حق نہیں کہ وہ خود کو حقیقی معنوں میں تلنگانہ کا شہری قرار دیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالف تلنگانہ عناصر کی تائید کرنے والے قائدین آج بھی تلنگانہ کے پراجکٹس میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔ سمن نے کہا کہ اس طرح کے قائدین کی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف تنقیدوں اور بیان بازی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ سمن نے کہا کہ کے سی آر ان کے باس ہیں اور ان کے خلاف کسی بھی تنقید کو وہ برداشت نہیں کریںگے۔ انہوں نے کانگریس اور تلگودیشم قائدین کو متنبہ کیا کہ وہ بیان بازیوں سے بازآجائیں۔ ریونت ریڈی کو اپنی زبان قابو میں رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے سمن نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی دراصل کنٹراکٹرس کی پارٹی ہے اور اس نے ہمیشہ تلنگانہ عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ اگر ریونت ریڈی اپنے رویہ میں تبدیلی نہ لائیں تو عوام انہیں سبق سکھائیں گے۔ سمن نے کہا کہ کانگریس پارٹی دراصل تلنگانہ میں ایک بجھتا ہوا چراغ ہے اور اس کے قائدین بھی کسانوں کی ہمدردی میں مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس پارٹی کا ریاست سے ہمیشہ کیلئے صفایا کردیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی دیکھ کر کانگریس پارٹی برداشت نہیں کرپارہی ہے۔ کانگریس دور حکومت میں جلا یگنم کے نام پر دھنا یگنم کیا گیا اور رقومات کا بیجا استعمال ہوا۔ ہر پراجکٹ میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین دراصل اپنے ماضی کو فراموش کرتے ہوئے بیان بازی کررہے ہیں حالانکہ وہ خود کئی بے قاعدگیوں میں ملوث ہیں۔ سمن نے کہا کہ کوئی بھی طاقت تلنگانہ کے پراجکٹس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی اور حکومت مقررہ وقت پر تمام پراجکٹس کی تکمیل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر تلنگانہ میں ایک کروڑ ایکر اراضی کو سیراب کرنے کا عہد کرچکے ہیں اور اسے بہر صورت مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں لاکھ مخالفت کریں لیکن پراجکٹس کی تعمیر مکمل ہوکر رہے گی۔

TOPPOPULARRECENT