Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے اردو اساتذہ کو بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ برائے سال 2016-17ء

تلنگانہ کے اردو اساتذہ کو بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ برائے سال 2016-17ء

پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر ؍ سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کا بیان
حیدرآباد ۔ 9 ستمبر (پریس نوٹ) پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر ؍ سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی نے ایک صحافتی اعلامیہ میں بتایا کہ اردو اکیڈیمی کے زیراہتمام ریاست تلنگانہ کے 31 اضلاع سے بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ برائے تعلیمی سال 2016-17ء اور اردو خوش نویس ایوارڈ کیلئے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’اردو اکیڈیمی کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے ہر ضلع سے ایک ٹیچر‘ کالج سطح پر ہر ضلع سے ایک لکچرر، یونانی میڈیکل لکچررز کیلئے دو ایوارڈ اور یونیورسٹی اساتذہ کیلئے 3 ایوارڈ دیئے جائیں گے۔ یہ ایوارڈ سرکاری مدارس و کالجس کے اساتذہ کی تعلیمی میدان میں بہتر کارکردگی پر دیئے جائیں گے۔ اسی طرح اردو خطاطی کے ماہرین میں سے ایک خطاط کا انتخاب کیا جائے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر ؍ سکریٹری اردو اکیڈیمی نے اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ کیلئے درخواست گذار کی مدت ملازمت کم از کم 5 سال ہونی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ کیلئے اکیڈیمی کی جانب سے جاری کردہ فارم پر ٹیچر و ہیڈماسٹر کیلئے ڈپٹی انسپکٹر آف اسکولس یا ڈی ای او ؍ ڈپٹی ڈی او کی جانب سے تصدیق اور جونیر و ڈگری کالج لکچرر کیلئے پرنسپل کالج اور ڈی ای وی او ؍ آر آئی او کی جانب سے تصدیق اور یونیورسٹی کے اساتذہ کیلئے ڈین ؍ پرنسپل یا رجسٹرار سے تصدیق کے ساتھ اساتذہ اور اردو خطاطی کے ماہرین جنہوں نے خوش نویسی کا امتحان کسی مستند ادارے سے پاس کیا ہو اور کسی ادارہ میں بحیثیت استاذ الخطاط کی خدمات انجام دے رہے ہوں، اپنی ضروری اسناد اور خطاطی کے نمونوں کے ساتھ اپنی درخواستیں 5 اکٹوبر 2017ء تک ڈائرکٹر ؍ سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی، چوتھی منزل، حج ہاؤز، نامپلی، حیدرآباد کے پتہ پر راست یا ذریعہ پوسٹ داخل کرسکتے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر ؍ سکریٹری نے بتایا کہ بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ کیلئے اکیڈیمی سے جاری کردہ فارمس صدر دفتر اردو اکیڈیمی، دفاتر ڈی ای اوز و دفاتر ڈی ایم ڈبلیوز پر مفت دستیاب رہیں گے۔ اس کے علاوہ درخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہوگی جبکہ اردو خطاطی ایوارڈ کیلئے درخواست گذار اپنی اسناد و خطاطی کے نمونوں کی کسی مستند ادارے سے تصدیق کے ساتھ سادہ کاغذ پر درخواست دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو اکیڈیمی سے ہر دو زمروں میں سابق میں ایوارڈ حاصل کرنے والے اساتذہ دوبارہ ایوارڈ کے اہل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نامکمل درخواستیں مسترد کردی جائیں گی اور درخواستوں کی منظوری کے سلسلہ میں اکیڈیمی کا فیصلہ حتمی ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT