Tuesday , October 24 2017
Home / اضلاع کی خبریں / تلنگانہ کے اردو صحافیوں کو کئی مسائل کا سامنا

تلنگانہ کے اردو صحافیوں کو کئی مسائل کا سامنا

اکریڈیشن کارڈ سے بھی محرومی کا خدشہ، ایم ایل سی محمد فرید الدین سے نمائندگی
ظہیرآباد۔/11جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر اردو جرنلسٹ فورم ضلع سنگاریڈی و سکریٹری تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس جناب محمد عبدالقادر فیصل نے آج فورم سے وابستہ صحافیوں کے ہمراہ رکن قانون ساز کونسل جناب محمد فرید الدین کی مقامی رہائش گاہ پہنچ کر ان سے ملاقات کی اور ایم ایل سی منتخب ہونے پر شال پوشی و گلپوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر صدر اردو جرنلسٹس فورم نے ریاست تلنگانہ میں صحافیوں کو درپیش مسائل سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے اکریڈیشن کارڈ کی اجرائی کے سلسلہ میں جی او 233 جاری کرتے ہوئے سخت شرائط لاگو کردیئے ہیں جس کی وجہ سے منڈل سطح پر خدمات انجام دینے والے اردو صحافیوں کو اکریڈیشن کارڈ سے محروم کردیا جارہا ہے۔ جبکہ صرف ضلع اور اسمبلی سطح پر کام کرنے والے صحافیوں کو اکریڈیشن کارڈس جاری کئے جارہے ہیں۔ اس پر طرفہ تماشہ یہ ہے کہ اکریڈیشن کارڈ کی اجرائی کے سلسلہ میں ضلع سطح پر کام کرنے والے صحافیوں کے لئے کم از کم گریجویشن کامیاب اور منڈل سطح پر کام کرنے والے صحافیوں کے لئے کم از کم میٹرک کامیاب ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ جناب فیصل نے پرزور الفاظ میں کہا کہ مذکورہ جی او کی اجرائی کے نتیجہ میں اردو اخبارات سے وابستہ صحافی شدید متاثر ہوگئے ہیں۔ ایسی صورت میں حکومت کو چاہیئے کہ وہ جی او کے شرئط سے اردو صحافیوں کو مستثنی قرار دینے کے احکام صادر کریں۔ انہوں نے تعمیر امکنہ کے لئے اردو صحافیوں کو اراضی الاٹ کرنے اور اکریڈیشن کارڈ جاری کرنے کے سلسلہ میں ریاستی حکومت سے موثر نمائندگی کرنے کی ایم ایل سی موصوف سے پرزور خواہش کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس ریاست کے صحافیوں کو درپیش مسائل کی یکسوئی کیلئے ریاستی حکومت سے بھرپور نمائندگی کررہی ہے جبکہ یہ یونین ہی کی کامیاب نمائندگی کا نتیجہ ہے کہ ضلع سطح پر تشکیل کردہ اکریڈیشن کمیٹیوں میں صحافیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ تلگوروز نامہ آندھرا جیوتی کے مقامی رپورٹر نرسدننا پاٹل اور روز نامہ سیاست سے وابستہ سنگاریڈی کے اسٹاف رپورٹر محمد خالق حسینی کا ضلع اکریڈیشن کمیٹی میں شامل کیا جانا اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ ایم ایل سی موصوف نے بغور سماعت کے بعد یقین دلایا کہ اردو صحافیوں کے مسائل سے ریاستی حکومت کو واقف کرائیں گے۔ اس موقع پر اردو اخبارات سے وابستہ ضلع و مقامی سطح کے صحافی محمد خالق حسینی ممبر اکریڈیشن کمیٹی، محمد حاجی، سید منیر صدر پریس کلب ظہیرآباد، سید معز الدین قاضی، سید اکرم پٹیل، محمد اعجاز پاشاہ، محمد طیب علی، محمد ولایت علی، محمد غوث نظامی، محمد نثار احمد، محمد اختر حسین، شمس الدین ، محمد محبوب غوری، محمد رحیم غوری، محمد وسیم غوری و دیگر موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT