Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے عازمین کو رباط کی سہولت: محمد محمود علی

تلنگانہ کے عازمین کو رباط کی سہولت: محمد محمود علی

کل اعلامیہ کی اجرائی، ایک ہزار عازمین کو رہائش فراہم کرنے کا عزم
حیدرآباد۔/18 جون، ( سیاست نیوز) حج 2016 میں تلنگانہ عازمین حج کو رباط کی سہولت سے استفادہ کیلئے نظام رباط کمیٹی پیر کو اعلامیہ جاری کرے گی۔ جاریہ سال 1000عازمین حج کی رہائش کے انتظامات کی کوشش کی جارہی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ساتھ حج سیزن 2016کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ناظر رباط حسین محمد الشریف سے ربط قائم کرتے ہوئے جاریہ سال 1000 عازمین کیلئے رہائش کے انتظام کی خواہش کی۔ ناظر رباط نے اس سلسلہ میں ہمدردانہ غور کا تیقن دیتے ہوئے 800 عازمین کیلئے بہرصورت رہائشی انتظامات کا تیقن دیا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 21 اگسٹ سے عازمین کی روانگی کا آغاز ہورہا ہے اور رمضان المبارک کے فوری بعد سے حج سیزن کی تیاریاں شروع ہوجائیں گی۔ رباط میں قیام کی سہولت کے بارے میں جب نظام رباط کمیٹی سے ربط قائم کیا گیا تو کمیٹی نے بتایا کہ پیر کو درخواستوں کی طلبی کا اعلامیہ جاری کردیا جائے گا۔ رباط کمیٹی میں داخل کی جانے والی درخواستوں کی قرعہ اندازی حج کمیٹی میں عمل میں آئے گی اور اس موقع پر ناظر رباط حسین شریف کو مدعو کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتہ میں رباط میں قیام کے سلسلہ میں عازمین حج کے انتخاب کی قرعہ اندازی ہوگی۔ گذشتہ سال 596 عازمین حج کیلئے رباط میں قیام کے انتظامات کئے گئے تھے۔ رباط میں قیام سے فی عازم بھاری رقم کی بچت ہوتی ہے اور اس سہولت سے صرف عزیزیہ زمرہ کے عازمین حج استفادہ کرسکتے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے سکریٹری اقلیتی بہبود کو ہدایت دی کہ وہ حج ہاوز میں عازمین حج کے قیام کے انتظامات کا جائزہ لیں اور غیر ضروری دفاتر کا تخلیہ کرتے ہوئے رہائش کی جگہ فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عازمین حج کیلئے بہتر سہولتوں کی فراہمی کے حق میں ہے اور انتظامات گذشتہ سال سے بہتر ہونے چاہیئے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود بہت جلد حج ہاوز کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ حج ہاوز کی عمارت میں بمشکل 100 عازمین حج کی رہائش کے انتظامات کئے جاسکتے ہیں لہذا حج ہاوز سے متصل کھلے حصے میں رہائش کا انتظام کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT