Sunday , June 25 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے عازمین کیلئے مرکز سے خصوصی کوٹہ الاٹ کرنے کی نمائندگی

تلنگانہ کے عازمین کیلئے مرکز سے خصوصی کوٹہ الاٹ کرنے کی نمائندگی

مرکزی وزیراقلیتی امور مختارعباس نقوی سے محمد محمود علی کی نمائندگی
حیدرآباد۔/11مارچ، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ میں اضافہ کے مسئلہ پر مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی سے بات چیت کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے حج کوٹہ کے الاٹمنٹ کے بعد آج مختار عباس نقوی سے فون پر بات کی اور تلنگانہ کیلئے زائد خصوصی کوٹہ الاٹ کرنے سے متعلق تیقن کی یاددہانی کرائی۔ تلنگانہ کو حج2017 کیلئے 3367 کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے جو گذشتہ سال کے مقابلہ 835 نشستیں زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے نئی ریاست اور مسلمانوں کی آبادی کے اعتبار سے 2000 اضافی نشستوں کی خواہش کی تھی لیکن دیگر ریاستوں کی طرح تلنگانہ کو بھی مقررہ اضافہ کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں موصولہ درخواستوں کے اعتبار سے صرف 330 نشستوں کیلئے قرعہ اندازی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 20 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور محفوظ زمرہ جات کے تحت زیادہ تر نشستیں قرعہ اندازی کے بغیر ہی الاٹ ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مسلم آبادی دیگر ریاستوں سے زیادہ ہے اور نئی ریاست کے اعتبار سے مرکز کو خصوصی کوٹہ الاٹ کرنا چاہیئے۔ مختار عباس نقوی نے تیقن دیا کہ مرکز اس تجویز پر ہمدردانہ غور کرے گا اور بہت جلد اضافی کوٹہ کا اعلان کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں عام زمرہ کی 330 نشستوں کیلئے قرعہ اندازی 18 مارچ کو حج ہاوز میں مقرر ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی قرعہ اندازی کا آغاز کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ جاریہ سال بھی حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کیلئے معقول انتظامات کئے جائیں گے اور چیف منسٹر حج کیمپ کے کامیاب انعقاد کے سلسلہ میں سنجیدہ ہیں۔ ضرورت پڑنے پر حج کمیٹی کو زائد بجٹ مختص کیا جائے گا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT