Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے ڈگری کالجس میں آن لائن داخلے

تلنگانہ کے ڈگری کالجس میں آن لائن داخلے

20 مئی سے آغاز ، ایک یونیورسٹی سے ملحقہ تمام کالجس کے لیے سنگل درخواست کافی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کی تمام یونیورسٹیز کے ڈگری کورس میں داخلوں کا عمل 20 مئی سے شروع ہوگا ۔ پہلی مرتبہ آن لائن داخلے ہوں گے ۔ داخلوں کے لیے نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا ۔ فارمس داخل کرنے کی آخری تاریخ 6 جون ہے ۔ رجسٹریشن فیس ایک سو روپئے مقرر کی گئی ہے ۔ پانچ سو روپئے جرمانہ کے ساتھ فیس 8 جون تک داخل کی جاسکتی ہے ۔ رجسٹریشن http://dost.cgg.gov.in پر کیا جاسکتا ہے ۔ تلنگانہ حکومت پہلی مرتبہ ڈگری کورس میں داخلے پروفیشنل کورسیس کی طرح آن لائن کرارہی ہے ۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ تعلیم کے منعقدہ انٹرمیڈیٹ امتحان کامیاب یا دوسری ریاستوں اور بورڈس کے اس کے مساوی امتحانات کامیاب امیدوار داخلے کے اہل ہوں گے ۔ طلباء وطالبات تمام کالجس کے لیے جو ایک یونیورسٹی کے تحت ہوں سنگل درخواست دے سکتے ہیں ۔ جس میں انہیں اپنی پسند کا کالج درج کرنا ہوگا ۔ مختلف کورسیس اور داخلہ لینے والے کالجس کے نام لکھنے ہوں گے ۔ مثال کے طور پر عثمانیہ یونیورسٹی سے ملحقہ 431 کالجس ہیں اور طلبہ تمام کالجس میں ہر کورس یا چند کالجس میں چند کورس کی نشاندہی کرسکتے ہیں ۔ طلبہ کے لیے فائدہ مند بات یہ ہے کہ تمام کالجس کے لیے حکومت نے فیس مقرر کردی ہے اور پرائیوٹ کالجس زائد فیس وصول نہیں کرسکتے ۔ رجسٹرار عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر سریش کمار نے یہ بات بتائی ۔ طلباء وطالبات دوسری یونیورسٹیوں بشمول کاکتیہ یونیورسٹی ورنگل ستواہنا یونیورسٹی کریم نگر تلنگانہ یونیورسٹی نظام آباد سے مربوط کالجس میں داخلے کے لیے بھی درخواست دے سکتے ہیں ۔ اس کے لیے ایک ہی رجسٹریشن کافی ہے ۔ ہر یونیورسٹی کے لیے علحدہ ایک سو روپئے ادا کرنے ہوں گے ۔ یہ کام گھر بیٹھے کیا جاسکتا ہے ۔ اس طرح طلبہ ہر کالج کے لیے علحدہ داخلہ فارم خریدنے کے خرچ سے بچیں گے ۔ یہ بات ٹی پاپی ریڈی صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل برائے اعلیٰ تعلیم نے بتائی ۔ تمام ملحقہ اور مربوط کالجس بشمول سرکاری خود اختیار امدادی اور پرائیوٹ کالجس کے لیے سنگل درخواست کافی ہے ۔ پروفیسر سریش کمار نے کہا کہ طلبہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ آدھار کارڈ تفصیلات پیش کریں ۔ یہ تفصیلات ہمیشہ برقرار رہیں گی اور اسے مستقبل کی ضروریات کی تکمیل کے لیے استعمال کیا جائے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT