Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے 1700 حجاج کرام کی واپسی ، سعادت حج پر مبارکباد کی پیشکشی

تلنگانہ کے 1700 حجاج کرام کی واپسی ، سعادت حج پر مبارکباد کی پیشکشی

آب زم زم کی فراہمی ، جی ایم آر سے خصوصی انتظامات ، پروفیسر ایس اے شکور نے حاجیوں کا استقبال کیا
حیدرآباد۔/15اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی سے روانہ حجاج کرام کے 5 قافلے ابھی تک وطن واپس ہوچکے ہیں جن میں تقریباً 1700 حجاج کرام مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوئے۔ حجاج کے قافلوں کی واپسی کے آج دوسرے دن 2 قافلے ایر انڈیا کی خصوصی فلائیٹ سے حیدرآباد واپس ہوئے ان کا تعلق تلنگانہ کے اضلاع سے ہے۔ آج دوپہر 2بجکر 50منٹ پر چوتھا قافلہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور حج کمیٹی کے عہدیداروں نے طیارے کے قریب پہنچ کر حجاج کرام کا استقبال کیا اور انہیں حج کی سعادت کے حصول پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے حجاج کرام سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں جس پر حجاج کرام نے بتایا کہ سعودی حکومت کی جانب سے بہتر انتظامات کئے گئے اور دو سانحات کے باوجود حج کی سرگرمیوں اور عبادتوں پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ آج کی فلائیٹ میں موجود ونپرتی سے تعلق رکھنے والے ایک حاجی اپنا پاسپورٹ مدینہ منورہ ایرپورٹ پر گنوا چکے تھے، انہیں ایر پورٹ پر روک دیا گیا تاہم اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے ضروری سرکاری اُمور کی تکمیل اور ان کی ضمانت دیتے ہوئے روانگی کی اجازت دلادی۔ چوتھے قافلہ کی آمد کے موقع پر بڑی تعداد میں حاجیوں کے رشتہ دار اور دوست احباب حج ٹرمنل کے باہر موجود تھے۔ جی ایم آر حکام نے حج کمیٹی کی نمائندگی پر وزیٹرس کیلئے نہ صرف زائد نشستوں کا اہتمام کیا بلکہ انہیں پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے حج ٹرمنل میں مختلف محکمہ جات کی جانب سے فراہم کی گئی سہولتوں کے علاوہ وزیٹرس کیلئے انتظامات کی نگرانی کی۔ انہوں نے بتایا کہ 4فلائیٹس میں جملہ 1360 حجاج کرام کی واپسی ہونی تھی لیکن 1348 حجاج کرام واپس ہوئے ہیں۔ 12حجاج کرام میں 5 کا انتقال ہوا جبکہ 7دوسرے مقررہ مدت سے قبل واپس ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ رات 10:30بجے پانچویں فلائیٹ میں 340 حجاج کرام وطن واپس ہوئے۔ اس طرح دو دن میں 1688 حجاج کرام کی واپسی عمل میں آئی ہے۔ حج کمیٹی کی جانب سے فی حاجی 5 لیٹر زم زم کا کیان حوالے کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور سکریٹری اقلیتی بہبود جی ڈی ارونا نے اسپیشل آفیسر سے ربط قائم کرتے ہوئے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کی اور کہا کہ حجاج کرام اور ان کے رشتہ داروں کو کوئی تکلیف نہ ہونے پائے۔ کل16اکٹوبر کو دو قافلے وطن واپس ہوں گے۔ پہلا قافلہ صبح 7بجکر 55منٹ پر جبکہ دوسرا دوپہر 2بجکر 35منٹ پر حیدرآباد پہنچے گا۔ ایر انڈیا کی جانب سے مقررہ وقت پر فلائیٹس چلائے جانے پر حجاج کرام نے اطمینان کا اظہار کیا۔

TOPPOPULARRECENT