Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے 328 اور اے پی کے 1859 عازمین حج کا انتخاب

تلنگانہ کے 328 اور اے پی کے 1859 عازمین حج کا انتخاب

حیدرآباد کیلئے صرف 126 نشستیں ، قرعہ اندازی کے بعد ہزاروں امیدواروں کو مایوسی

حیدرآباد۔/22مارچ، ( سیاست نیوز) حج 2016کیلئے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج کے انتخاب کیلئے آج حج ہاوز نامپلی میں قرعہ اندازی انجام دی گئی۔ تلنگانہ کیلئے 328 عازمین حج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا جبکہ آندھرا پردیش میں 1859 عازمین کے انتخاب کیلئے قرعہ اندازی کی گئی۔ تلنگانہ میں محفوظ زمرہ کے تحت 2204 امیدواروں کے قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب کے ذریعہ عام زمرہ کی نشستیں صرف 328 رہ گئی تھیں جس کے لئے آج سنٹرل حج کمیٹی کے اشتراک سے آن لائن قرعہ اندازی کی گئی۔ محفوظ زمرہ میں 70سال سے زائد عمر کے افراد اور مسلسل چوتھی مرتبہ درخواست دینے والے امیدوار شامل ہیں جن کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب کیا جاتا ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے تلنگانہ کیلئے 2532 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا ہے جبکہ گزشتہ سال 2760 کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا اور ویٹنگ لسٹ کے ذریعہ 2969 عازمین حج روانہ ہوئے تھے۔ تلنگانہ میں جملہ 15186 درخواستیں داخل کی گئیں اور ہر ضلع میں مسلم آبادی کے لحاظ سے حج کوٹہ الاٹ کیا گیا۔ اس طرح عام زمرہ کے تحت باقی رہنے والی 328 نشستوں میں حیدرآباد کو صرف 126نشستیں حصہ میں آئی ہیں جبکہ حیدرآباد سے عام زمرہ کے تحت داخل کی گئی درخواستوں کی تعداد 9925 ہے۔ اس طرح کئی ہزار امیدواروں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ رنگاریڈی کیلئے صرف 45 کوٹہ الاٹ ہوا جبکہ عام زمرہ کے تحت داخل کی گئی درخواستوں کی تعداد 965تھی۔ قرعہ اندازی کے ذریعہ عادل آباد میں 20، کریم نگر 18، کھمم 12، محبوب نگر 25، میدک 25، نلگنڈہ 14، نظام آباد 29اور ورنگل سے 14 عازمین حج کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ قرعہ اندازی کے موقع پر بڑی تعداد میں مرد و خواتین موجود تھے اور انہیں انتخاب نہ ہونے پر مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ حیدرآباد سے منتخب کئے گئے 126عازمین صرف 53 کورس کے تحت ہیں۔ تلنگانہ کی قرعہ اندازی کے موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، قائد اپوزیشن محمد علی شبیر، ارکان قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین، محمد سلیم، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور موجود تھے۔ اسی دوران سہ پہر 3بجے آندھرا پردیش کے عازمین حج کیلئے قرعہ اندازی کی گئی۔ وزیر اقلیتی بہبود آندھرا پردیش پی رگھوناتھ ریڈی، رکن قانون ساز کونسل احمد شریف، کمشنر اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال اور آندھرا پردیش کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔ آندھرا پردیش کیلئے سنٹرل حج کمیٹی نے 2052عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا ہے اور دو محفوظ زمرہ جات کے تحت 193 عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب عمل میں آیا۔ آج 1859 عازمین کے انتخاب کیلئے قرعہ اندازی کی گئی۔ (عازمین حج کی فہرست صفحہ 8پر)

TOPPOPULARRECENT