Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے 358 گرین زمرہ کے عازمین حج عزیزیہ زمرہ میں منتقل

تلنگانہ کے 358 گرین زمرہ کے عازمین حج عزیزیہ زمرہ میں منتقل

مکہ مکرمہ میں عمارتوں کی کمی کے باعث ہندوستان کے 19734 عازمین کے تعلق سے سنٹرل حج کمیٹی کا لمحہ آخر میں فیصلہ
حیدرآباد ۔ 18۔ جولائی (سیاست نیوز) حج 2017 ء کے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 358 گرین زمرہ کے عازمین حج کی رہائش کو سنٹرل حج کمیٹی نے لمحہ آخر میں عزیزیہ زمرہ میں منتقل کردیا ہے۔ گرین زمرہ کیلئے مکہ مکرمہ میں عمارتوں کی کمی کے باعث ہندوستان کے 19734 گرین زمرہ کے عازمین کی رہائش کو عزیزیہ منتقل کیا گیا۔ قرعہ اندازی کے ذریعہ ان عازمین کا انتخاب کیا گیا جن میں تلنگانہ کے 358 عازمین شامل ہیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں توسیعی کام کے سبب حرم کے قریب عمارتوں کی کمی ہے ، لہذا گرین زمرہ کے عازمین کو رہائش فراہم کرنا سنٹرل حج کمیٹی کیلئے دشوار ہوچکا ہے۔ کمیٹی نے عمارتوں کی گنجائش کے اعتبار سے 19734 عازمین کو عزیزیہ زمرہ کی رہائش فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ تبدیلی صرف مکہ مکرمہ کیلئے ہوگی جبکہ مدینہ منورہ میں طئے شدہ گرین زمرہ کی رہائش فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گرین زمرہ کے تحت 1000 میٹر کے حدود میں رہائش کا انتظام کیا جاتا ہے جبکہ مدینہ منورہ میں 500 میٹر کے حدود میں رہائش کا انتظام ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے رہائش کیلئے تبدیل شدہ زمرہ اور منتخب عازمین کی فہرست روانہ کی ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی اور تلنگانہ حج کمیٹی کے ویب سائیٹ پر یہ فہرست آویزاں کی گئی۔ اس کے علاوہ 358 عازمین کو سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے ایس ایم ایس پیام روانہ کیا جارہا ہے۔ 358 عازمین 155 کورس پر محیط ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس فیصلہ سے عازمین حج کو گرین زمرہ کی رہائش کیلئے حاصل کردہ اضافی رقم واپس کردی جائے گی ۔ یہ رقم عازمین کے اکاؤنٹ میں جمع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل حج کمیٹی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج کیلئے بہتر سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دے رہی ہے۔ ریاستی حج کمیٹیوں کے اشتراک سے انتظامات کے ایکشن پلان کو منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 20 جولائی سے تلنگانہ حج کمیٹی کی سرگرمیوں کا عملاً آغاز ہوجائے گا۔ اُس دن 24 مختلف سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جارہا ہے ، جس میں حج کیمپ کے انتظامات کو قطعیت دی جائے گی ۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم ، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں شرکت کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT