Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ کے 900 عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے

تلنگانہ کے 900 عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے

آندھراپردیش کے عازمین کی روانگی کا آغاز، مومن احمد و دیگر نے جھنڈی دکھائی

حیدرآباد۔ 19 اگست (سیاست نیوز) حج 2017ء کے سلسلے میں حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے آج رات تک عازمین حج کے 11 قافلے سعودی عرب روانہ ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ کے عازمین حج کی روانگی کا عمل کل مکمل ہوچکا ہے جبکہ آج سے آندھرا پردیش کے عازمین کی روانگی کا آغاز ہوا۔ سعودی ایرلائینز کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ آج 900 عازمین پر مشتمل دو قافلے جدہ کیلئے روانہ ہوئے۔ آج کا پہلا قافلہ صبح 6 بجکر 55 منٹ پر شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے روانہ ہوا جسے 4 گھنٹے قبل حج ہاؤز نامپلی سے وداع کیا گیا۔ صدرنشین آندھرا پردیش حج کمیٹی مومن احمد حسین، اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور، ایگزیکٹیو آفیسر آندھرا پردیش حج کمیٹی لیاقت علی اور آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے تلگو دیشم کے اقلیتی قائدین نے قافلے کو جھنڈی دکھاکر وداع کیا۔ مولانا عبیدالرحمن نے فضائل حج بیان کئے اور عازمین حج کو مناسک کی ادائیگی کے سلسلے میں ضروری مشورے دیئے۔ آج کے دوسرے قافلے کو جوکہ حیدرآباد سے روانہ ہونے والا 11 واں قافلہ تھا ، شام میں آندھرا پردیش کے وزیر سماجی بھلائی آنند بابو نے وداع کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری اقلیتی بہبود تلنگانہ سید عمر جلیل، صدر حج کمیٹی آندھرا پردیش مومن حسین ، رکن اسمبلی کدری چاند باشا ، رکن قانون ساز کونسل احمد شریف اور ایڈیشنل سیکریٹری اقلیتی بہبود آندھرا پردیش شریمتی اوشا رانی ،اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور ایگزیکٹیو آفیسر آندھرا پردیش حج کمیٹی لیاقت علی اور دوسرے موجود تھے۔ وزیر سماجی بھلائی نے عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے آندھرا پردیش کی ترقی کیلئے خصوصی دعا کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں حج ایسا مقدس فریضہ ہے جو صرف صاحب استطاعت افراد پر فرض ہے۔ حج کے دوران کی جانے والی دعاؤں کو رد نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے عازمین حج سے ملک اور ریاست میں امن و امان اور ترقی کیلئے دعاؤں کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے عازمین حج کے بہتر انتظامات کی ہدایت دی ہے۔ دونوں ریاستوں کی حج کمیٹیاں باہمی اشتراک سے انتظامات میں مصروف ہیں۔ انہوں نے حج کیمپ میں کئے گے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سیکریٹری اقلیتی بہبود نے بھی عازمین حج سے ملاقات کی اور دعاؤں کی خواہش کی۔ اسی دوران ویٹنگ لسٹ کے 97 عازمین حج کی روانگی کا شیڈول سنٹرل حج کمیٹی سے موصول نہیں ہوا ہے۔ امکان ہے کہ ویٹنگ لسٹ کے عازمین کو ممبئی سے سعودی عرب روانہ کیا جائے گا۔ گزشتہ سال بھی ویٹنگ لسٹ کے عازمین ممبئی سے روانہ ہوئے تھے جن کے لئے حیدرآباد سے حج کمیٹی نے خصوصی بسوں کا انتظام کیا تھا۔کل 20 اگست کو عازمین کا ایک قافلہ روانہ ہوگا جو دوپہر ایک بجکر 55 منٹ پر شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے پرواز کرے گا۔

TOPPOPULARRECENT