Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / تلگواداکارہ چارمی سے 6 گھنٹے پوچھ تاچھ

تلگواداکارہ چارمی سے 6 گھنٹے پوچھ تاچھ

سرکے بال،ناخن، خون کے نمونے دینے سے انکار، ضرورت پڑنے پر دوبارہ طلبی کا امکان

حیدرآباد۔/26جولائی، ( سیاست نیوز) ٹالی ووڈ میں ہلچل مچانے والے منشیات کیس میں پوچھ تاچھ کیلئے مشہور ہیروئن چارمی باؤنسرس کی حفاظت میں شوٹنگ سے سیدھے آبکاری بھون پہونچیں۔ 6 گھنٹوں تک ایس آئی ٹی کے خاتون آفیسرس نے ان پر سوالات کی بوچھار کردی۔ پوچھ تاچھ میں ایس آئی ٹی سے مکمل تعاون کرنے والی چارمی نے خون کے نمونے، سرکے بال اور پیر کے ناخن دینے سے انکارکردیا اور ایک کانسٹبل پر ان کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آنے کی شکایت کی۔ 27جولائی کو ایٹم گرل ممیت خان ایس آئی ٹی سے رجوع ہوں گی۔ منشیات کی تحقیقات میں فلم ہیروئن نے ڈرگس کے عادی ہونے کی تردید کی ہے۔ اسسٹنٹ اکسائیز سپرنٹنڈنٹ انتیا سرکل انسپکٹرس وجئے لکشمی، سری لتا اور رینوکا نے چارمی سے منشیات کے اہم ملزم کیلوین کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ چارمی نے بتایا کہ وہ کیلوین کو ایک ایونٹ منیجر اور میوزیشن کی حیثیت سے جانتی ہیں اس کے علاوہ کیلوین کے ذاتی معاملات سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ کیلوین کے فون لسٹ میں چارمی کا نام’’ چارمی دادا ‘’ کی حیثیت سے تحریر ہونے کے سوال پر چارمی نے اپنی لاعلمی کا اظہار کیا۔ جبکہ انہیں ’ جیوتی لکشمی ‘ فنکشن میں کیلوین کے ساتھ کھینچی گئی سیلفی اور کیلوین و چارمی کے درمیان واٹس اپ پر کی گئی چاٹنگ کے 1000 سے زائد میسیجس کے بارے میں سوالات کرنے پر چارمی ہٹ پٹاگئیں اور مناسب جواب نہیں دے سکی۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ایس آئی ٹی کی خاتون عہدیداروں نے ان سے فلم ڈائرکٹر پوری جگناتھ کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی۔ ان سے پوری جگناتھ کی قیامگاہ میں وائن پارٹی ہونے جس میں ڈرگس کا دور چلنے کے بارے میں بھی پوچھ تاچھ کی گئی جس پر چارمی نے اپنی لاعلمی کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی چارمی سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ منشیات کی عادی ہیں؟ کیا آپ پب کو جاتی ہیں؟ پب میں جاری ڈرگس کلچر پر آپ کی رائے کیا ہے؟ تلگو فلم انڈسٹری میں منشیات حاصل کرنے کی عادت کس کس کو ہے؟ ۔ چارمی نے ہر سوال کا لاعلم ہونے کا جواب دیا۔ چارمی سے پوچھ تاچھ کے دوران ایس آئی ٹی کے عہدیداروں نے ہائی کورٹ کے احکامات پر پوری طرح عمل آوری کی۔ چارمی آج صبح 6 بجے اپنی قیامگاہ سے ’’ پیسہ وصول ‘‘ کی شوٹنگ کیلئے کونڈہ پور پہنچیں اور وہاں سے قریب 9:30 بجے باؤنسرس اور اپنی شخصی وکیل کے ساتھ آبکاری بھون پہنچیں۔ 10:15 بجے سے 4:40 منٹ تک ان سے پوچھ تاچھ کی گئی۔ بعد ازاں ایس آئی ٹی کے عہدیداروں نے ضرورت پڑنے پر دوبارہ طلب کرنے کا اظہار کرتے ہوئے انھیں گھر جانے کی اجازت دی۔ آبکاری بھون پہنچتے وقت پریشان دکھائی دینے والی چارمی واپس ہوتے وقت میڈیا کو مسکراتے ہوئے ہاتھ ہلاتے ہوئے واپس ہوگئیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چارمی سے پوچھ تاچھ کے دوران کئی معلومات کا انکشاف ہواہے جس کی روشنی میں محکمہ آبکاری کے عہدیداروں نے کئی مقامات پر چھاپے بھی مارے ہیں اور دو افراد کو اپنی تحویل میں لینے کی بھی اطلاعات ہیں۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ لنچ کے بعد اکسائیز انفورسمنٹ کے ڈائرکٹر اکون سبھروال نے خاتون عہدیداروں کے ساتھ ملکر چارمی سے پوچھ تاچھ کی ہے۔

چارمی کے ساتھ تصویر کشی کیلئے
پولیس ملازمین کی بھگدڑ
حیدرآباد۔/26جولائی، ( این ایس ایس ) فلمی شخصیتوں سے عوام کی چاہت سب جانتے ہیں لیکن آج ڈیوٹی پر تعینات پولیس ملازمین نے یہ ثبوت دے دیا کہ وہ بھی کچھ کم نہیں۔ تلگو فلم اداکارہ چارمی اپنے ایڈوکیٹ وشنو وردھن ریڈی اور باڈی گارڈس کے ہمراہ آج جیسے ہی ایس آئی ٹی آفس پہنچیں آبکاری بھون کے باب الداخلہ پر تعینات پولیس ملازمین نے عملاً انھیں گھیر لیا۔ سیکورٹی گارڈس کی موجودگی کے باوجود یہ ملازمین پولیس تصویر کشی کیلئے ایک دوسرے پر سبقت لے جارہے تھے۔ اس بھگدڑ میں ایک پولیس کانسٹبل نے مبینہ طور پر چارمی کے کندھے پر ہاتھ رکھ دیا تاکہ تصویر میں وہ نظرآسکے۔

TOPPOPULARRECENT