Tuesday , September 19 2017
Home / شہر کی خبریں / تلگو دیشم اور کانگریس قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کا سلسلہ جاری

تلگو دیشم اور کانگریس قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کا سلسلہ جاری

حیدرآباد۔/22ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس اور تلگودیشم پارٹیوں سے قائدین کا ٹی آر ایس میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ پرانے شہر حیدرآباد اور الوال علاقوں سے تعلق رکھنے والے کئی اپوزیشن قائدین نے آج وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کی موجودگی میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ کے ٹی آر نے ان قائدین کو پارٹی کا کھنڈوا پہنا کر استقبال کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے مصروف ہوجائیں گے۔ وزیر کمرشیل ٹیکسیس ٹی سرینواس یادو، صدر گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس ایم ہنمنت راؤ، جنرل سکریٹری ٹی آر ایس اعظم علی اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ کے ٹی راما راؤ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں اپوزیشن جماعتوں کا عملاً صفایا ہوچکا ہے اور عوام نے اپوزیشن کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات سے متاثر ہوکر ٹی آر ایس میں کانگریس اور تلگودیشم کے قائدین کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان قائدین کی شمولیت کسی جبر یا لالچ کا نتیجہ نہیں ہے بلکہ وہ رضاکارانہ طور پر ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ٹی آر ایس کو واضح اکثریت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا موقف حیدرآباد میں کافی مستحکم ہوچکا ہے۔ انہوں نے حیدرآباد کی ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مختلف اسکیمات اور پراجکٹس کا حوالہ دیا اور کہاکہ آئندہ چند برسوں میں حیدرآباد دنیا کا ترقی یافتہ شہر بن جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری جاری ہے۔ کے ٹی آر نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین سے کہا کہ وہ عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے متحرک ہوجائیں۔ وزیر کمرشیل ٹیکسیس سرینواس یادو نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ شہر کی ترقی کو نظرانداز کرنے والے قائدین آج ترقی کے دعوے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم اور کانگریس دور حکومت میں شہر کے عوام کے ساتھ صرف زبانی ہمدردی کی گئی برخلاف اس کے ٹی آر ایس حکومت نے غریبوں کیلئے نہ صرف پنشن کی رقم میں اضافہ کیا بلکہ ڈبل بیڈروم مکانات کی اسکیم کا آغاز کیا گیا جو غریبوں کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اسکیمات کے فوائد سے لاکھوں خاندان مستفید ہورہے ہیں۔ سرینواس یادو نے گریٹر حیدرآباد انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی قرار دیا۔ سرینواس یادو نے کہا کہ گوداوری سے پانی کی سربراہی ٹی آر ایس حکومت کا کارنامہ ہے۔ اس طرح آئندہ دو برسوں میں حیدرآباد میں پانی کا مسئلہ مستقل طور پر حل کرلیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT