Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلگو دیشم ۔ بی جے پی اتحاد کا پیر کو جلسہ عام

تلگو دیشم ۔ بی جے پی اتحاد کا پیر کو جلسہ عام

نظام کالج گراونڈ پر تیاریاں ، جی ایچ ایم سی انتخابات کے لیے مہم
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیش نظر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی اور بی جے پی کے زیر اہتمام 12 جنوری کو نظام کالج گراونڈ پر بڑے پیمانے پر جلسہ عام کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ جب کہ سابق میں مرتب کردہ پروگرام کے مطابق نظام کالج گراونڈ پر دونوں جماعتوں کا جلسہ عام 9 جنوری کو منعقد کیا جانے والا تھا لیکن انتخابات سے متعلق ہائی کورٹ ہدایت کی روشنی میں تلنگانہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ میں توسیع دینے کی وجہ سے آج 9 جنوری کے جلسہ عام کو ملتوی کردیا گیا تھا ۔ تاہم یہ جلسہ عام اب 12 جنوری منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپویشن حدود میں پائے جانے والے 150 بلدی حلقوں کے لیے دونوں پارٹیوں ( بی جے پی اور تلگو دیشم ) نے آپسی انتخابی مفاہمت کے پیش نظر آپس میں نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر بات چیت کے لیے ایک اہم اجلاس طلب کیا ۔ اس اجلاس میں بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی صدر مسٹر جی کشن ریڈی قائد بی جے پی مقننہ پارٹی ڈاکٹر کے لکشمن رکن اسمبلی مسٹر سی رامچندر ریڈی کے علاوہ صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی مسٹر ایل رمنا مرکزی وزیر مسٹر سوجنا چودھری ، صدر گریٹر حیدرآباد تلگو دیشم پارٹی مسٹر ایم گوپی ناتھ و دیگر قائدین گریٹر حیدرآباد تلگو دیشم پارٹی نے شرکت کی اور اجلاس میں دونوں جماعتوں کے قائدین نے دونوں پارٹیوں کی جانب سے انتخابات میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی و ایکشن پلان کے علاوہ نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ پارٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ صدر قومی تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی اس جلسہ عام میں شرکت یقینی ہے اور سمجھا جاتا ہے کہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو اس جلسہ عام میں شرکت کر کے سابق حکومتوں کے دور اقتدار میں شہر حیدرآباد کو دی گئی ترقی اور سابق تلگو دیشم حکومت میں شہر حیدرآباد کی ترقی کے لیے کئے گئے اقدامات کا تفصیلی تقابلی جائزہ لیتے ہوئے گریٹر حیدرآباد حدود کے رائے دہندوں سے حقائق کو دیکھتے ہوئے تلگو دیشم و بی جے پی اتحاد کے امیدواروں کو اپنا قیمتی ووٹ دے کر کامیاب بنانے کی پر زور اپیل کریں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT