Saturday , June 24 2017
Home / شہر کی خبریں / تلگو ریاستوں کی تقسیم کے بعدمسائل کی یکسوئی کیلئے وزراء کی ملاقات

تلگو ریاستوں کی تقسیم کے بعدمسائل کی یکسوئی کیلئے وزراء کی ملاقات

آر ٹی سی بسوں کے مسئلہ کی یکسوئی پر کوئی اتفاق رائے نہیں ہوسکا، بات چیت مثبت ہونے کاادعاء
حیدرآباد۔/10مئی، (  سیاست نیوز) ریاست کی تقسیم کے بعد ٹرانسپورٹ شعبہ سے متعلق دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ و آندھرا پردیش کے مابین پائے جانے والے بعض اہمیت کے حامل مسائل کی یکسوئی کیلئے آج دونوں ریاستوں کے ٹرانسپورٹ منسٹرس مسٹر پی مہیندر ریڈی ( وزیر ٹرانسپورٹ تلنگانہ ) اور کے اچن نائیڈو( وزیر ٹرانسپورٹ آندھرا پردیش )  کے ساتھ وجئے واڑہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں زیر ٹرانسپورٹ تلنگانہ کے ساتھ پرنسپال سکریٹری محکمہ ٹرانسپورٹ سنیل شرما اور منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن مسٹر جی وی رمنا راؤ و دیگر عہدیداروں کے علاوہ وزیر ٹرانسپورٹ آندھرا پردیش کے ساتھ اعلی عہدیداران محکمہ ٹرانسپورٹ بھی موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں ریاستوں کے وزرائے ٹرانسپورٹ کے مابین بہت ہی خوشگوار ماحول میں بات چیت رہی اور ایک دوسرے کو درپیش مسائل کوآپس میں واقف کروالیا، اور پرائیویٹ ٹراویل کی بسوں کیلئے پرمٹس کے علاوہ ملازمین کے تبادلوں کے مسائل پر دونوں وزرائے ٹرانسپورٹ میں اتفاق رائے پیدا ہوا۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ آر ٹی سی بسوں سے متعلق مسئلہ کی یکسوئی سے متعلق کوئی اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔ لہذا اس مسئلہ پر دونوں ریاستوں کے آر ٹی سی عہدیداروں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کرنے کے بعد ہی جاریہ ماہ کے آخری ہفتہ میں پھر ایک بار دونوں وزراء کے ساتھ منعقد ہونے والے اجلاس میں مسئلہ کی یکسوئی سے متعلق قوی توقع کا اظہار کیا گیا۔ دونوں وزرائے ٹرانسپورٹ کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے بعد وزیر ٹرانسپورٹ ریاست تلنگانہ مسٹر بی مہیندر ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ریاستوں کے مابین پائے جانے والے بعض اہمیت کے حامل مسائل کی یکسوئی ہونے کی توقع کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگاہ میں 700 سے زائد آندھرا پردیش کی بسیں چلائی جاتی ہیں جبکہ آندھرا پردیش میں ریاست تلنگانہ کی صرف 400 بسیں ہی چلائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستیں درپیش مسائل کی یکسوئی کو لیکر دونوں ہی ریاستیں ترقی کے میدان میں آگے بڑھنے کی شدید ضرورت ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ آندھرا پردیش مسٹر کے اچن نائیڈو نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے مابین پائے جانے وایل معمولی نوعیت کے مسائل کی یکسوئی کیلئے اتفاق رائے پیدا ہوا۔ انہوں نے اخباری نمائندوں کو آج کے اجلاس کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ اشیاء کی حمل و نقل، ٹورسٹ بسیں، آر ٹی سی کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی گئی۔ دونوں ریاستوں کے آر ٹی سی مسائل کی یکسوئی پر بات چیت کیلئے ایک علحدہ ایکزیکیٹو کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT