Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / تمام حل طلب معاملات پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں: امیر قطر

تمام حل طلب معاملات پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں: امیر قطر

دبئی۔22 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے پڑوسی عرب ملکوں کے ساتھ پیدا ہونے والے تنازعات اور حل طلب معاملات کے تصفیے کیلئے مذاکرات کا اشارہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دوحہ پڑوسی ملکوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے بامقصد بات چیت کیلئے تیار ہے۔ قطر اور چار دوسرے عرب ملکوں کے درمیان پیدا ہونے والے سفارتی تنازع کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب امیر قطر نے واضح الفاظ میں مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بحران کا کوئی بھی حل موجودہ حالات کے دوبارہ پیدا نہ ہونے کا ضامن ہونا چاہیے۔امیر قطر کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ حکومتیں سیاسی اختلافات کا بوجھ دوسری اقوام پر ڈالنے کی پالیسی ترک کریں۔ انہوںنے بحران کے حل کیلئے کویت کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ کویت کی کوششیں جلد رنگ لائیں گی۔امیر قطر نے دوسرے ملکوں کی طرف سے بائیکاٹ کے نتیجے میں دوحہ پر پڑنے والے بوجھ کا اعتراف کیا اور کہا کہ قطر کی ناکہ بندی کے حجم اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مشکلات کم نہیں۔الشیخ تمیم آل ثانی نے کہا کہ دہشت گردی کے ذرائع کے حوالے سے ہم دوسرے ملکوں سے اختلاف رکھتے ہیں۔ قطر بلا تخصیص دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شریک ہے۔ دنیا قطر کی دہشت گردی کے خلاف مساعی کو تسلیم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قطر کے خلاف میڈیا پروپیگنڈہ طے شدہ پلان کا حصہ ہے۔ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قطر پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ خلیجی ملکوں سے بحران کے باوجود قطر میں زندگی معمول کے مطابق چل رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT