Thursday , October 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / تمیم اقبال ایشیا کپ سے باہر

تمیم اقبال ایشیا کپ سے باہر

ڈھاکہ۔16 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کے کامیاب اوپنر تمیم اقبال اپنی ٹیم بنگلہ دیش کے لئے ایشیا کپ مقابلوں سے باہر ہوگئے ہیں ان کی جگہ عمرالقیس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔بنگلہ دیش کی ایک ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق تمیم اقبال اپنے پہلے بچے کی متوقع پیدائش کے پیش نظر ایشیا کپ ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے اور بیگم سے ملاقات کے لئے تھائی لینڈ جائیں گے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر فرقان احمد نے کہا ہے کہ اوپنر تمیم  نے پہلے ہی اپنی عدم دستیابی کے حوالے سے بورڈ کو آگاہ کیا تھا۔ تمیم اقبال کی ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے پی ایس ایل میں کھیلے گئے مقابلے کافی ہیں جہاں انہوں نے اچھا کھیل پیش کیا اور ایشیا کپ میں حصہ نہ لینے سے انھیں کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔ فرقان احمد کے بموجب  نوجوان عمرالقیس کو تمیم اقبال کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے بدقسمتی سے وہ پہلے ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے تھے تاہم امید ہے کہ وہ ایشیا کپ میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔ایشیا کپ 24 فروری تا 6 مارچ تک بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔ تمیم پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی جانب سے 238 رنز بنا کر ٹورنمنٹ کے سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں۔ دوسری جانب پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے دیگر بنگلہ دیشی کھلاڑیوں شکیب الحسن، مشفق الرحیم اور انگلینڈ کے کھلاڑی جیمز وینس بھی اپنی ٹیم کی ذمہ داریوں کے باعث لیگ کو ادھورا چھوڑکر واپس اپنے ملک کو جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT