Monday , September 25 2017
Home / جرائم و حادثات / تنسیخ شدہ کرنسی کی خریدوفروخت کرنے والی ٹولی گرفتار

تنسیخ شدہ کرنسی کی خریدوفروخت کرنے والی ٹولی گرفتار

ایک کروڑ کی رقم ضبط، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔19 اگست (سیاست نیوز) منسوخ شدہ کرنسی کو خرید کر فروخت کرنے کے دوران ایک ٹولی گرفتار ہوگئی۔ بتایا جاتا ہیکہ منسوخ شدہ کرنسی ایک کروڑ روپیوں کو 12 لاکھ روپئے میں خرید کر پٹرول پمپ کا مالک اور اس کا ساتھی فروخت کرنا چاہتے تھے کہ کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون کی ٹیم نے انہیں گرفتار کرلیا۔ پولیس آج عین اس وقت پہنچ گئی جب لین دین کا مسئلہ جاری تھا اور فروخت کرنے والے خریداری کے منتظر تھے اور سودہ 30 فیصد کمیشن پر ہوچکا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 51 سالہ راج کمار بگاڑی ساکن برکت پورہ، 30 سالہ احمد بن علی ساکن تالاب کٹہ، 28 سالہ سلمان ساکن شاہ گنج، 43 سالہ صابر ساکن قاضی پورہ، 30 سالہ احمد شریف اور 63 سالہ ریٹائرڈ سرکاری ملازم یداشٹی ریڈی شیکھر ساکنان نریڈ میٹ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق راج کمار بگاڑی پتلی باؤلی علاقہ میں واقع ایک پٹرول پمپ کا مالک ہے اور احمد بن علی جو اسپورٹس آرٹیکل کا کاروبار کرتا ہے۔ ان دونوں کے درمیان قدیم دوستانہ تعلقات پائے جاتے ہیں۔ احمد بن علی اپریل 2017ء میں کرنسی نوٹوں کی تبدیلی کے معاملہ میں سلطان بازار پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ تاہم دونوں ساتھیوں کے درمیان بات چیت ہوئی۔ بگاڑی نے احمد سے منسوخ شدہ کرنسی نوٹوں کے متعلق دریافت کیا اور ان دونوں نے زائد فائدہ کیلئے کام شروع کیا اور 12 لاکھ روپئے ادا کرتے ہوئے پٹرول پمپ کے مالک نے ایک کروڑ روپئے منسوخ شدہ کرنسی خرید لی اور اپنے مکان میں محفوظ کرلیا جو ان منسوخ شدہ نوٹوں کو فروخت کرنے کی کوشش میں تھے۔ اسی دوران احمد نے اپنے ساتھیوں سے ربط قائم کیا جنہوں نے پداشٹی ریڈی شیکھر اور احمد شریف سے تذکرہ کیا۔ کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم کے مطابق ان دونوں نے خریداروں تک رسائی حاصل کرلی اور ملاقات بھی طئے کرلی گئی تھی۔ 30 فیصد کمیشن پر سودہ طئے پایا تھا اور اس سے قبل کہ لین دین کی کارروائی کا آغاز ہوتا، پولیس برکت پورہ میں واقع راج کمار بگاڑی کے مکان پہنچ گئی اور دھاوا کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ایک کروڑ منسوخ شدہ کرنسی کے علاوہ 7 سیل فون ضبط کرلئے اور مزید تحقیقات کیلئے انہیں کاچیگوڑہ پولیس کے حوالے کردیا۔

 

TOPPOPULARRECENT