Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / تنظیم بنت حرم کی دستخطی مہم

تنظیم بنت حرم کی دستخطی مہم

حیدرآباد ۔ 19 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی یونیفارم سیول کوڈ اور شریعت میں مداخلت کے خلاف تنظیم بنت حرم کے زیر اہتمام جاری دستخطی مہم کے سلسلہ میں خواتین اور طالبات کے لیے جلسہ عام و کیمپ 20 اکٹوبر کو بعد نماز ظہر مدرسہ بلال سرفراز جنگ کالونی ، انجن باولی زیر نگرانی محترمہ صبیحہ صدیقی صدر تنظیم بنت حرم رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ مقرر ہے ۔ محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی نائب صدر تنظیم بنت و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اس جلسہ کو مخاطب کرینگی ۔ جلسہ کا آغاز محترمہ نعیم النساء فاروقی کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔۔

 

شریعت میں مداخلت کی کوششیں ناقابل قبول
مسلم پرسنل لا بورڈ کے موقف کی تائید ، مجلس علماء مہدویہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : مجلس علمائے مہدویہ نے طلاق ثلاثہ اور کثرت ازدواج کے مسئلہ پر مرکز کی طرف سے سپریم کورٹ میں پیش کردہ حلفنامہ اور یکساں سیول کوڈ کے بارے میں لاء کمیشن کے سوال نامہ کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے مسترد کردیا ہے ۔ مجلس علمائے مہدویہ کے صدر مولانا سید دلاور مخصوص الزمانی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں ایک قرار داد منظور کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ ’ طلاق ثلاثہ اور تعداد ازدواج کی مخالفت میں مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں حلفنامہ داخل کیا ہے اور لاء کمیشن نے یکساں سیول کوڈ کے موضوع پر ایک سوالنامہ جاری کیا ہے ۔ ہم حکومت کے ان اقدامات کی سختی سے مخالفت اور پر زور مذمت کرتے ہیں ‘ ۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور تمام شہریوں کو اپنے مذہبی طور طریقوں پر چلنے کی مکمل دستوری آزادی حاصل ہے ۔ مسلمانان ہند ، شریعت محمدیؐ میں کسی بھی قسم کی مخالفت ہرگز برداشت نہیں کرسکتے ۔ اسلامی شریعت دراصل آسمانی قانون ہے جس کو اللہ رب العزت نے اپنے آخری نبی حضرت محمد مصطفی ﷺ کے وسیلہ سے ہم تک پہونچایا ہے ۔ چنانچہ تمام مسلمانوں کا عقیدہ ہے کہ قرآن مجید ، احادیث نبویؐ اور شریعت محمدیؐ میں تا قیامت کوئی تبدیلی نہیں ہوسکتی ‘ ۔ تحفظ شریعت کی جدوجہد میں مجلس علمائے مہدویہ نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے موقف کی بھر پور تائید کرتے ہوئے ہر قدم پر اس عظیم ملی ادارہ سے اپنے تعاون کا عزم ظاہر کیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT