Saturday , October 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / تنڈولکر ’سچن ساگا‘ کے ساتھ ڈیجیٹل دنیا میں داخل

تنڈولکر ’سچن ساگا‘ کے ساتھ ڈیجیٹل دنیا میں داخل

نئی دہلی۔23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق عظیم بیٹسمین سچن تنڈولکر نے کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کئے 3 سال کا عرصہ گزر گیا اور اب وہ ڈیجیٹل گیمز کی دنیا میں ‘سچن ساگا’ کے ساتھ میدان میں آگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جیٹ سینتھیسز کے نائب چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹرراجن نیوانی نے اعلان کیا کہ کمپنی کے گیم بنانے والے شعبے پلے لیزون ٹیکنالوجیز نے عظیم کرکٹر کے لئے ایک پرجوش گیم متعارف کروادیا ہے۔ تنڈولکر نے کہا ہے کہ مجھے اپنی پہلی ڈیجیٹل گیم متعارف کرنے پر خوشی ہے، میں مختلف چیزوں سے منسلک رہا ہوں اور یہ تجربہ ہم سب کو مل کر لطف اندوز ہونے کا ذریعہ بنے گا۔ کرکٹ کی دونوں طرز ٹسٹ اور ونڈے میں سنچریوں کا ناقابل فراموش ریکارڈ بنانے والے سچن  نے 14 نومبر 2013 کو ممبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹسٹ میچ کے بعد عالمی کرکٹ کو خیر باد کہا تھا انہیں ٹسٹ اور ونڈے میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے، انھوں نے 200 ٹسٹ میچوں میں 51 سنچریوں اور 68 نصف سنچریوں کی مدد سے15921رنز بنائے۔ ونڈے کرکٹ میں سچن نے 463 میچ کھیلے اور 49 سنچریاں بنائیں اور 96 نصف سنچریوں کی مدد سے 18426 رنز بنائے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ تنڈولکر نے آسٹریلیا کے سابق لیگ اسپنر شین وارن کے ساتھ مل کر امریکہ میں کرکٹ کے فروغ کے لئے گزشتہ سال سابق کھلاڑیوں پر مشتمل دو ٹیموں کی کرکٹ سیریز منعقد کی تھی جس میں پاکستان کے عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم، ثقلین مشتاق، شعیب اختر، ویسٹ انڈیز کے عظیم کھلاڑی برائن لارا سمیت کئی عظیم کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT