Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / تنڈولکر نے ریو گیمز کے ریسلرز کو دیا حوصلہ

تنڈولکر نے ریو گیمز کے ریسلرز کو دیا حوصلہ

’’اپنی کمزوریوں پر قابو پاکر حریفوں کی کمزوریوں کو تاڑنا ضروری‘‘
نئی دہلی ، 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انڈین کرکٹ کی پہچان سچن تنڈولکر نے اولمپکس میں مسابقت کیلئے جانے والے ہندوستانی ریسلنگ جتھہ سے یہاں کی ایک ہوٹل میں ملاقات کی اور اگسٹ کے میگا ایونٹ سے قبل اتھلیٹس کا اعتماد بڑھایا۔ یوگیشور دت (مینس 65kg) اور سندیپ تومر (57kg) کو چھوڑ کر اولمپک کوٹہ حاصل کرچکے تمام ریسلرز … نرسنگھ یادو (مینس 74kg)، ونیش پھوگت (ویمنس 48kg)، ببیتا کمار (ویمنس 53kg) ، ساکشی ملک (ویمنس 58kg)، رویندر کھتری (گریکو۔ رومن 85kg) اور ہردیپ (گریکو۔رومن 98kg) … نے لجنڈری بیٹسمن سے ملاقات کی۔ حتیٰ کہ تمام تین فارمٹس کے کوچس بھی اس موقع پر سکریٹری جنرل انڈین اولمپک اسوسی ایشن راجیو مہتا اور اولمپکس میں حصہ لینے والی ٹیبل ٹینس کھلاڑی مانیکا بترا کے ساتھ موجود تھے۔ 43 سالہ تنڈولکر نے ریسلنگ جتھے سے اپنی ملاقات کی تصاویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر آج پیش کئے۔ ویمنس ریسلنگ ٹیم کوچ کلدیپ سنگھ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ سچن کے ساتھ دو گھنٹے طویل ملاقات ریسلرز کیلئے نفسیاتی جہت ثابت ہوئی۔ ’’انھوں نے اپنے ذاتی تجربات کا تبادلہ کیا، کئی واقعات سنائے اور یہ بتایا کہ اپنے کھیل کے دنوں میں دباؤ کی صورتحال سے وہ کس طرح نمٹے۔ کلدیپ کے مطابق سچن نے اتھلیٹس کو سمجھایا کہ اپنی خامیوں پر قابو پاتے ہوئے حریفوں کی کمزوریوں کو کس طرح تاڑیں۔ انھوں نے اپنے مضبوط پہلوؤں کا فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔

 

ویمنس ہاکی ٹیم کا انتخاب
نئی دہلی ، 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ڈیفنڈر سشیلا چانو پوکھرمبم 17 رکنی انڈین ویمنس ہاکی ٹیم کی چار قومی ٹورنمنٹ میں قیادت کریں گی، جو 30 مئی کو آسٹریلیا کے علاقہ ڈاروِن میں شروع ہوگا۔ یہ ایونٹ ریو اولمپکس کیلئے تیاری کا موقع ہے۔ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جاپان دیگر شرکاء ہیں۔

TOPPOPULARRECENT