Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / تنہا خواتین کے لیے معلنہ وظیفہ اسکیم کا 2 جون سے آغاز

تنہا خواتین کے لیے معلنہ وظیفہ اسکیم کا 2 جون سے آغاز

ادخال درخواست کی آج آخری تاریخ ، سینکڑوں خواتین لاعلمی کا شکار ، ادخال درخواست سے محروم
حیدرآباد۔12مئی (سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے تنہاء خواتین کے لئے معلنہ وظائف کی اسکیم کا آغاز 2جون سے ہوگا لیکن اس اسکیم سے استفادہ کیلئے درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 13مئی ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے معلنہ اس اسکیم سے استفادہ کنندگان لا علمی کے سبب درخواستوں کے ادخال سے محروم رہے ہیںاسی لئے ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ اس اسکیم سے استفادہ کیلئے درخواستوں کے ادخال میں کم از کم مزید 10یوم کی مہلت فراہم کرے تاکہ وہ تنہاء خواتین جو شہر وں اور دیہی علاقو ںمیں زندگی بسر کر رہی ہیں انہیں اس وظیفہ کی اسکیم سے فائدہ حاصل ہو سکے۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں معذورین‘ بیواؤں ‘ ضعیفوں کو جاری کئے جانے والے وظائف کے زمرہ میں تنہاء خواتین کو بھی شامل کرنے کا اعلان کیا تھا اور اسکیم کے لئے درخواستوں کی وصولی کا عمل ماہ اپریل سے ہی شروع کردیا گیا تھا اور 13مئی درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود اب تک شہر حیدرآباد میں صرف 1415درخواستیں داخل کی جا سکی ہیں ضلع انتظامیہ کو توقع ہے کہ آئندہ ایک یوم کے دوران مزید 3500درخواستیں وصول ہو سکیں گی ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے آن لائن (می سیوا) تحصیلدار کے دفتر میں درخواست کے ادخال کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے دفتر میں درخواست کے ادخال کی سہولت کی فراہمی کے متعلق شعور بیدار کیا جاتا ہے اوردرخواستوں کے ادخال میں 5یوم کی توسیع فراہم کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں مزید تنہاء خواتین کو درخواستوں کے ادخال میں سہولت حاصل ہوگی۔ اس اسکیم کے ذریعہ تنہاء خواتین جنہیں خاندان کی مدد حاصل نہیں ہے ان خواتین کو ماہانہ 1000 روپئے وظیفہ حکومت کی جانب سے جاری کیا جائے گا جو ان کے کھاتہ میں جائے گا۔حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 2جون سے اس اسکیم کوروشناس کروایا جائے ۔ضلع انتظامیہ کے عہدیداروں کے مطابق استفادہ کنندگان کی فہرست کو 21مئی تک قطعیت دیدی جائے گی اور 22مئی کو تمام منڈل دفاتر میں استفادہ کنندگان کی فہرست آویزاں کردی جائیں گی۔

TOPPOPULARRECENT