Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / توسیع کابینہ میں فعال ارکان کو موقع فراہم نہ کرنے پر اظہار افسوس

توسیع کابینہ میں فعال ارکان کو موقع فراہم نہ کرنے پر اظہار افسوس

تلگو دیشم پارٹی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ، چیف منسٹر و قومی صدر چندرا بابو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : قومی صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج اپنے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کی توسیع میں چند انتہائی فعال و غیر معمولی اہلیت رکھنے والے ارکان اسمبلی کو موقعہ فراہم نہیں کیا جاسکا ۔ جس کی وجہ سے انہیں کافی تکلیف ضرور ہوئی ہے لیکن کابینہ میں 26 وزراء سے زیادہ کو شامل کرنا بھی ممکن نہیں تھا ۔ لہذا پارٹی قائدین سے حالات کو سمجھنے اور مایوس نہ ہونے کی پر زور خواہش کی ۔ آج امراوتی میں تلگو دیشم پارٹی کوآرڈینیشن کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی قائدین پر زور دیا کہ آئندہ منعقد ہونے والے بلدی انتخابات میں ہر ایک نشست پر تلگو دیشم پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنائیں اور پارٹی کے تنظیمی انتخابات کو مہاناڈو سے قبل مکمل کرلینے کی پارٹی قائدین کو ہدایات دیں اور کہا کہ سوشیل میڈیا میں پارٹی اور حکومت کے تعلق سے کی جارہی غلط تشہیر کا انسداد کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسائل پر آپس میں مل بیٹھ کر یکسوئی کرلینے پر توجہ دیتے ہوئے برسر عام مسائل پر اظہار خیال کرنے سے گریز کرنے پر توجہ دیں ۔ اسی دوران قومی جنرل سکریٹری تلگو دیشم پارٹی و وزیر پنچایت راج و انفارمیشن ٹکنالوجی مسرس این لوکیش نے اظہار خیال کرتے ہوئے سخت الفاظ میں کہا کہ بعض قائدین عہدے حاصل ہونے کے بعد پارٹی امور پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔ یہاں تک نامزد عہدے حاصل ہوتے ہی پارٹی سے کوئی تعلق رہنے جیسے اقدامات کررہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عہدے حاصل کرنے والے ہر پارٹی قائد کی کارکردگی کا وقت بہ وقت جائزہ لیا جائے گا ۔ اس موقعہ پر مسٹر لوکیش نے پارٹی اور حکومت کی کارکردگی کے تعلق سے اخبارات اور سوشیل میڈیا میں آنے والی اطلاعات سے متعلق پاور پوائنٹ پرزنٹیشن ( مظاہرہ ) کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT