Wednesday , August 23 2017
Home / سیاسیات / تکبر کی بنا پر غلطیوں کا عدم اعتراف سے مزید نقصانات : آر ایس ایس

تکبر کی بنا پر غلطیوں کا عدم اعتراف سے مزید نقصانات : آر ایس ایس

نئی دہلی ۔ 10 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) بہار میں بی جے پی کی زبردست انتخابی شکست کے بعد آر ایس ایس کے سینئر پرچارک نے جن کا تعلق گجرات سے ہے کہا کہ مسلسل تکبر کی وجہ سے غلطیوں کا عدم اعتراف سے زیادہ نقصان پہنچے گا ۔ اگر وہ اپنی کوتاہیوں اور غلطیوں کا اعتراف کرلیں تو اس ہونے والے نقصان سے بچ سکتے ہیں۔ مغربی علاقہ کیلئے آر ایس ایس کے سمپرک پرمکھ سریش جین نے کہا کہ غلطیاں ہوتی رہتی ہیں اور ان سے نقصان بھی پہنچتا ہے لیکن اگر انکساری کے ساتھ غلطیوں کا اعتراف کرلیا جائے تو اس نقصان سے بچا جاسکتا ہے ۔ تاہم انھوں نے اپنے بیان میں کسی کا نام لینے سے گریز کیا اور بہار انتخابات میں کسی کا بھی راست حوالہ نہیں دیا ۔ انھوں نے بی جے پی کا بھی نام نہیں لیا ۔ سریش جین اتفاق سے وڈودرہ گجرات میں آر ایس ایس کے مقامی صدر ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کئی سال تک ریاست گجرات پر بحیثیت چیف منسٹر حکومت کرچکے ہیں۔ اُن کا یہ پیغام بی جے پی کی عظیم سیکولر اتحاد کے ہاتھوں بہار اسمبلی انتخابات میں شرمناک شکست کے چند ہی دن بعد منظرعام پر آیا ہے ۔ بی جے پی میں پہلے ہی سے ناراضگی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور انتخابی ناکامی کا الزام ایک دوسرے پر عائد کیا جارہا ہے حالانکہ وزیراعظم نریندر مودی نے بہار میں 30 انتخابی جلسوں سے خطاب کیا تھا۔ اُن کے علاوہ مرکزی وزراء اور پارٹی کے قومی قائدین نے بھی کئی جلسوں سے خطاب کیا تھا لیکن بی جے پی کو شرمناک شکست کا سامنا ہوا ۔ اپوزیشن نے بی جے پی کی شکست کو اُس کی قیادت کے تکبر کا نتیجہ قرار دیا ہے اور داخلی طورپر مطالبات شروع ہوگئے ہیں کہ اس شکست کے ذمہ دار قائدین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ این ڈی اے میں شریک بعض سیاسی پارٹیوں کا بھی یہی خیال ہے ۔

TOPPOPULARRECENT