Tuesday , June 27 2017
Home / Top Stories / تھوڑی سی تکلیف ، ہمیشہ کی راحت : مودی

تھوڑی سی تکلیف ، ہمیشہ کی راحت : مودی

مودی ۔ ایشٹن ملاقات، چیف منسٹر جھارکھنڈ کو مبارکباد، وزیراعظم کے ٹوئٹر پر تحریریں
نئی دہلی ۔8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے نوٹوں کی منسوخی کے مسئلہ پر اپوزیشن کے احتجاج کے درمیان یہ واضح کردیا کہ عوام الناس میں اس کا مثبت اثر ہورہا ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے پیام میں مودی نے کہا کہ مختصر مدتی تکلیف ، بڑی راحت فراہم کرے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کسانوں، تاجروں اور مزدور طبقے کو حکومت کے اس فیصلے سے فائدہ حاصل ہوگا۔ اپنے ٹوئٹر پیام میں سنجیدہ مکالمہ نگاری کرتے ہوئے مودی نے کرنسی منسوخی کے فوائد سے متعلق وضاحت کی اور کہا کہ اس ملک کو اب تاریخی موقع مل چکا ہے کہ وہ رقم کے بغیر اپنی سرگرمیوں کو فروغ دیں۔ کیاش لیس ادائیگیوں کا چلن عام ہوجائے ۔ میں ہندوستانی عوام کو سلیوٹ کرتا ہوں جنہوں نے رشوت، دہشت گردی اور کالے دھن کے خلاف جاریہ یگنا میں حصہ لیا۔ ہم سب کو مل کر کالے دھن کے خلاف جنگ کو کامیاب کرنا ہوگا۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہندوستان کالے دھن سے پاک بن جائے۔ غریب آدمی متوسط طبقہ اور نیا متوسط طبقہ ہمارے اقدامات سے مستفید ہوکر مستقبل کی نسلوں کے لئے ایک مضبوط معاشرہ قائم کرسکے۔ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ حکومت کے فیصلے تکلیف دہ ہوتے ہیں لیکن یہ مختصر مدتی تکلیف آگے چل کر طویل مدتی راحت میں بدل جاتی ہے۔ اس فیصلے سے کسانوں کا بھلا ہوگا، تاجروں کو فائدہ اور مزدوروں کو راحت ملے گی۔ یہ لوگ ہی ہمارے قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ دیہی ہندوستان کی ترقی اور خوشحالی کے نقیب ہیں۔ وزیر دفاع امریکہ ایشٹن کارٹر نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور جاریہ سال جون میں دونوں ممالک کے درمیان فیصلوں اور سمجھوتوں پر پیشرفت کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ ایشیائے کوچک کے علاقہ میں تبدیلیوں اور علاقائی مسائل پر بھی باہم نقاط نظر کا تبادلہ عمل میں آیا۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں اِس کا انکشاف کیا گیا ہے۔ رانچی سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیراعظم مودی نے آج چیف منسٹر جھارکھنڈ رگھوبر داس کو جھارکھنڈ میں نقد رقم کے بغیر جھارکھنڈ مہم کا آغاز کرنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جبکہ چیف منسٹر نے اُنھیں اطلاع دی کہ 2 ڈسمبر سے اُن کی ریاست میں رقم کے بغیر سودوں کی حوصلہ افزائی کے لئے مہم شروع کی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے وزیراعظم مودی سے آج دن میں نئی دہلی میں ملاقات کرکے اُنھیں 4 رخی پُل کا سنگ بنیاد رکھنے کی دعوت دی۔ یہ پُل جنوری میں دریائے گنگا پر صاحب گنج کے مقام پر تعمیر کیا جائے گا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT