Tuesday , October 24 2017
Home / شہر کی خبریں / تھیلسیما سے متاثرہ مریضوں کیلئے خون کا عطیہ

تھیلسیما سے متاثرہ مریضوں کیلئے خون کا عطیہ

مصلیاں مسجد باغ عامہ کا مستحسن اقدام ، سید عمر جلیل اور دیگر کی شرکت
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( راست ) : تھیلسیما سے متاثرہ مریضوں کی مدد کے لیے آج یہاں مصلیاں مسجد شاہی باغ عامہ کے زیر اہتمام بہ تعاون و اشتراک تنظیم فوکس اور لیگ ریفارمرس بعد نماز جمعہ مسجد ہذا سے متصل خون کا عطیہ کیمپ منعقد کیا گیا ۔ اس موقع پر مصلیوں نے رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ پیش کیا ۔ مسجد ہذا سے متصل ابوالکلام آزاد ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ کیمپ میں تھیلسیما اسکل سیل سوسائٹی کے طبی و نیم طبی عملہ نے عطیہ کنندوں سے خون کا عطیہ حاصل کیا ۔ تقریبا دو سو شمع محمدی کے پروانوں نے اپنا نام درج کروا کر خون پیش کیا ۔ خطیب مسجد ہذا مولانا احسن بن محمد الحمومی اور جناب سید عمر جلیل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود نے کیمپ کا افتتاح کیا اور مریضوں کو خون کے ذریعہ مدد کے اقدامات اور عطیہ دہندوں کے اقدام کی ستائش کی ۔ تھیلسیما اسکل سیل سوسائٹی کے جنرل سکریٹری علیم بیگ نے بتایا کہ پرانی حویلی میں سوسائٹی کا دفتر قائم ہے جہاں سے تھیلسیما کے مریضوں کی مدد کے لیے خون فراہم کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بالخصوص موسم گرما میں خون کی کمی محسوس کی جاتی ہے ۔ ایسے میں عطیہ دہندوں کی ستائش کی ۔ بعد نماز جمعہ شروع کردہ کیمپ میں تقریبا 300 افراد نے رضاکارانہ طور پر اپنا نام درج کروایا جس میں سے تقریبا 200 افراد کا خون بطور عطیہ حاصل کیا گیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT