Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / تیز گیند بازوں نے حیران کیا :دھونی

تیز گیند بازوں نے حیران کیا :دھونی

دھرم شالہ، 17اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا کے لمیٹیڈ اوورز کیپٹن مہندر سنگھ دھونی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں ملی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کا کریڈٹ ٹیم کے تیز گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کو دیا ہے ۔ ہندوستانی کپتان نے میچ کے بعد کہا، ’’تیز گیند بازوں کی کارکردگی شاندار رہی ۔ ہمیں یہاں کی پچ سے تیز گیند بازوں کو مدد ملنے کی توقع نہیں تھی لیکن تیز گیند بازوں نے خاص طور پر اپنا پہلا ونڈے میچ کھیلنے والے ہاردک پانڈیا نے بہترین لائن لینتھ سے گیند بازی کی اور شاندار آغاز کیا‘‘۔ انہوں نے پانڈیا کو شروع میں آزمانے کے سلسلے میں کہا: ’’ہم پانڈیا کو نئی گیند سے موقع دینا چاہتے تھے ۔ جسپریت بومرا بھی بہت اچھے بولر ہیں اور وہ پرانی گیند سے بھی اچھی بولنگ کرتے ہیں۔ اس لئے شروع میں پانڈیا کو موقع دیا گیا۔ ‘‘ دھونی نے کہا، ’’پانڈیا کے علاوہ امیش یادو نے بھی اپنی تیزی سے بلے بازوں کو پریشان کیا۔ وہ اس وقت مکمل طور پر فٹ ہیں اور شاندار ردھم میں ہیں۔ہاردک نے مسلسل 135 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے گیندیں ڈالیں۔ اس کے علاوہ امیت مشرا اور اکشر پٹیل بھی تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہے ۔ ‘‘ کپتان نے کہا کہ اومیش یادو نے بھی بہترین لائن اور لینتھ سے گیند بازی کی۔گزشتہ ایک ڈیڑھ سال میں انہوں نے اپنے کھیل میں تسلسل دکھایا ہے اور یہاں دستیاب موقع کا بھی فائدہ اٹھایا۔دھونی نے کہا کہ انگلینڈ میں چمپینس ٹروفی کو ذہن میں رکھیں تو صحیح سمت میں بولنگ کرتے ہوئے بلے بازوں کو پریشان کیا جا سکتا ہے اور صرف اومیش ہی نہیں بلکہ دیگر ہندوستانی تیز گیند بازوں کیلئے بھی یہ اچھا موقع رہا۔ انہوں نے کہا، ’’اگر ہم شروع میں وکٹ لینے میں کامیاب نہیں ہوتے تو یہاں کا وکٹ 280-300کے اسکور والا وکٹ ثابت ہوجاتا‘‘۔

TOPPOPULARRECENT