Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / تیسرا ونڈے:انگلینڈ کامیاب، سیریز میں 2-1 کی برتری

تیسرا ونڈے:انگلینڈ کامیاب، سیریز میں 2-1 کی برتری

شارجہ ، 18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے جیمز ٹیلر اور جوز بٹلر کی فاتحانہ شراکت کے بدولت پاکستان کو تیسرے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل کرلی۔ انگلش ٹیم نے 209 کے مقررہ ٹارگٹ کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنر جیسن روئے 7 رنز بنا کر ایک دفعہ پھر محمد عرفان کا شکار ہوئے جبکہ 27 رنز کے مجموعی اسکور پر جو روٹ 11 رنز بنا کر اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ظفرگوہرکی گیند پر افتخاراحمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دوسرے میچ میں سنچری بنا کر انگلینڈ کی جیت میں بنیادی کردار کرنے والے ایلکس ہیلز30 رنز بنا کر ظفر کا دوسرا شکار بنے جبکہ کپتان اوئن مورگن 35 رنز بنا کر شعیب ملک کے ہاتھوں پویلین واپس ہوئے۔ جب انگلینڈ کے چار بیٹسمین 23 اوورز میں 93 رنز پر آؤٹ ہوچکے تو مہمان ٹیم مشکلات میں نظر آرہی تھی۔ تاہم ٹیلر اور بٹلرنے پانچویں وکٹ کیلئے 117رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرتے ہوئے چھ وکٹوں سے فتح دلا دی۔ ٹیلر67 اور جوز بٹلر49 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ قبل ازیں پاکستان کی ٹیم 49.5 اوورز میں 208 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی جبکہ لوور آرڈر کے وہاب ریاض 33 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کے تین بلے باز رن آؤٹ ہوئے جبکہ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔ جیمز ٹیلر کو بہترین بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں کامیابی کے ذریعے سیریز میں برتری حاصل کی تھی لیکن انگلینڈ نے شاندار واپسی کرتے ہوئے چار میچ کی سیریز برابر کردی تھی اور پھر تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز میں برتری حاصل کرلی۔ سیریز کا چوتھا اور آخری ونڈے انٹرنیشنل جمعہ 20 نومبر کو دبئی میں کھیلاجائے گا۔

پاکستان کی شکست پر تنقیدیں
دریں اثناء پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف تیسرے ونڈے میں ناکامی ٹیم آفیشلز کے گلے کا ہار بن گئی ۔ سابق انگلش کیپٹن مائیکل وان اور خود پاکستان کے راشد لطیف نے تبصرے کئے ہیں۔ ماضی کے اسٹار کرکٹر عبدالقادر نے تو سوالوں کی بوچھاڑ کر دی۔ شارجہ ونڈے میں پاکستان کی چھ وکٹ سے شکست پر سب حیران دکھائی دیئے کیونکہ انھیں اس میں کچھ مشکوک نظر آرہا ہے۔ انگلینڈ کے مائیکل وان نے اس میچ پر شک و شبہ کا ٹوئٹ کیا۔ سابق وکٹ کیپر بیٹسمین لطیف بھی اس بحث میں پڑے۔ ادھر ماضی کے گگلی ماسٹر عبدالقادر نے یہ تک بول دیا کہ ’’بڑے بڑے (لوگ) میدان میں آ گئے ہیں تو دال میں ضرور کالا ہو گا‘‘۔ میچ تو بہرحال اپنے نتیجے پر ختم ہو گیا۔ ان تنقیدوں کا نتیجہ اپنے وقت پر ظاہر ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT