Friday , September 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / تیسرا ٹسٹ: پاکستان کی انگلینڈ کیخلاف اچھی بولنگ

تیسرا ٹسٹ: پاکستان کی انگلینڈ کیخلاف اچھی بولنگ

برمنگھم ، 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی بولروں کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے انگلینڈ تیسرے ٹسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے تک 100/3 تک محدود رہا۔ ایجبسٹن میں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر میزبانوں کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر سہیل خان اور راحت علی نے انگلینڈ کے کپتان الیسٹرکک اور جوروٹ سمیت تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے فیصلے کو درست ثابت کردیا۔ تادم تحریر انگلینڈ کا اسکور 177/5 ہے جس میں سہیل نے 4 وکٹیں لئے۔ الیکس ہیلز اور کک نے اننگز کا آغاز کیا اور 36 رنز بنائے تھے کہ سیریز میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے فاسٹ بولر سہیل نے ہیلز کو سرفراز احمد کے ہاتھوں آؤٹ کر کے پہلی کامیابی دلادی۔ سہیل نے انگلینڈ کے روٹ کو 48 کے مجموعے پر 3 رنز پر آؤٹ کرکے اہم وکٹ حاصل کی۔ تاہم کپتان کک نے جیمز وینس کے ساتھ اسکور کو 75 رنز تک پہنچایا مگر انھیں راحت علی نے آؤٹ کرکے انگلش بلے بازوں کیلئے مشکلات کھڑی کیں۔ کک تیزرفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 گیندوں پر 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ نے کھانے کے وقفے تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنائے تھے۔ وینس 16 اور گیری بیلنس 18 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔ قبل ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایجبسٹن ٹسٹ میں دو اہم تبدیلیاں کیں، جس میں 20 سالہ نوجوان کھلاڑی سمیع اسلم اور فاسٹ بولر سہیل خان کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا جبکہ شان مسعود اور وہاب ریاض کو آرام کی غرض سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔دوسری جانب انگلینڈ نے زخمی بین اسٹوکس کی جگہ فاسٹ بولر اسٹیون فن کو اہم میچ کیلئے ٹیم میں شامل کرلیا۔ بین اسٹوکس اولڈ ٹرافورڈ میں سیریز کے دوسرے ٹسٹ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔ میزبان ٹیم ایجبسٹن میں 8 برس سے ناقابل شکست ہے۔

TOPPOPULARRECENT