Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / تیلہ پور ولاس کے جائیداد ٹیکس میں ایک تہائی تک تخفیف

تیلہ پور ولاس کے جائیداد ٹیکس میں ایک تہائی تک تخفیف

حیدرآباد ۔ 20 ۔ دسمبر : ( ایجنسیز ) : ضلع میدک میں رامچندرا پورم منڈل کے تیلہ پور میں بلومس فیلڈ ایکسٹیسی گیٹیڈ کمیونٹی ولاس کے مکینوں کو قانون حق معلومات سے جائیداد ٹیکس میں کمی میں مدد ہوئی اور ان کے جائیداد ٹیکس میں ایک تہائی تک کمی ہوئی اس طرح انہیں بڑی راحت حاصل ہوئی ۔ اطلاعات کے مطابق 240 مربع گز پر ولاس کے مالکین نے 2013-14 کے لیے 21,240 روپئے سالانہ کا جائیداد ٹیکس ادا کیا اور 350 مربع گز پر تعمیر کیے گئے ولاس کے مالکین نے 30,828 روپئے جائیداد ٹیکس ادا کیا ۔ انہوں نے جائیداد ٹیکس کی یہ رقم ولیج پنچایت اتھاریٹیز کی جانب سے روانہ کی گئی ڈیمانڈ نوٹس پر ادا کی ۔ اس گیٹیڈ کمیونٹی کے ایک مکین ، این آر آئی سری کانت گوڑے نے 29 مارچ 2014 کو 30,282 روپئے ادا کئے اور رسید حاصل کیا ۔ یہ دیکھتے ہوئے کہ ان کی جانب سے اور اس گیٹیڈ کمیونٹی کے دیگر ارکان کی جانب سے ادا کیا جانے والا ٹیکس جی ایچ ایم سی حدود میں رہنے والوں کی جانب سے ادا کئے جانے والے جائیداد ٹیکس کے مقابل زیادہ ہے سری کانت اور دیگر ارکان نے میدک ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر ، ڈیویژنل پنچایت آفیسر اور گرام پنچایت آفیسرس کے پاس گذشتہ سال 25 مارچ اور یکم اگست کو میمورنڈم داخل کرتے ہوئے ٹیکس میں کمی کرنے پر زور دیا ۔ ان دفاتر کے کئی چکر لگانے کے بعد بھی اس سلسلہ میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ آخر کار ، ان مکانات کے مالکین نے قانون حق معلومات کے تحت متعلقہ عہدیداروں سے جائیداد ٹیکس کے تعین اور مکان مالکین کی جانب سے کی گئی نمائندگیوں پر کی گئی کارروائی کی تفصیلات طلب کیے ۔ آر ٹی آئی کے تحت موصولہ درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے عہدیداروں نے اس مسئلہ کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ کلکٹر کے علم میں لایا اور ان ولاس پر جائیداد ٹیکس میں ایک تہائی تک کمی کرنے کے احکام جاری کئے ۔ اس فیصلہ سے اس گیٹیڈ کمیونٹی کے 131 مکان مالکین کو 23.60 لاکھ روپئے تک فائدہ ہوا ۔۔

TOPPOPULARRECENT