Tuesday , August 22 2017
Home / ہندوستان / تین بندرگاہوں کیلئے 20 ہزار کروڑ روپئے مالیتی ٹنڈرس طلب، مرکزی وزیر نتن گڈکری کا بیان

تین بندرگاہوں کیلئے 20 ہزار کروڑ روپئے مالیتی ٹنڈرس طلب، مرکزی وزیر نتن گڈکری کا بیان

ممبئی 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت نے تین نئی بڑی بندرگاہوں کے لئے جو مہاراشٹرا، مغربی بنگال اور ٹاملناڈو میں واقع ہیں، 20 ہزار کروڑ روپئے مالیتی ٹنڈرس طلب کئے ہیں اور آخری تاریخ مارچ 2016 ء تک مقرر کی گئی ہے۔ مرکزی وزیر نے شعبہ صنعت کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ اِس بات کا تیقن دیتے ہیں کہ ٹنڈرس اِن تینوں پراجکٹس کے لئے جنھیں 18 تا 20 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری مارچ تک ضروری ہے طلب کرلئے جائیں گے اور پراجکٹس کے لئے کام اپریل یا مئی تک شروع ہوجائے گا۔ گڈکری نے کہاکہ تین نئی بندرگاہیں مہاراشٹرا، مغربی بنگال اور ٹاملناڈو میں تعمیر کی جائیں گی۔ اس سوال پر کہ کیا ملک کو مزید بندرگاہوں کی ضرورت ہے، جبکہ موجودہ بندرگاہیں اپنی بھرپور صلاحیت کے مطابق استعمال نہیں کی جارہی ہیں، گڈکری نے کہاکہ نظریہ یہ ہے کہ باہم زیادہ مسابقت پیدا کی جانی چاہئے۔ اس طرح صارفین کو شرحوں میں کمی سے فائدہ حاصل ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت زیادہ سستی اور زیادہ صاف آبی گزرگاہیں برائے اشیاء کی منتقلی فراہم کرنا چاہتی ہیں تاکہ 2019ء تک تجارت میں 19 فیصد اضافہ ہوسکے جو فی الحال ساڑھے تین فیصد ہے۔ گڈکری نے کہاکہ تیار شدہ مصنوعات کی لاگت کا 30 فیصد بندرگاہوں کی تعمیر پر خرچ کیا جائے گا۔ فی الحال اِس شعبہ میں مسابقت کا فقدان ہے۔

TOPPOPULARRECENT