Friday , July 28 2017
Home / Top Stories / تین سال میں ملکی سیاست میں بنیادی تبدیلی :امیت شاہ

تین سال میں ملکی سیاست میں بنیادی تبدیلی :امیت شاہ

نئی دہلی26مئی (سیاست ڈاٹ کام ) بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امیت شاہ نے آج کہا کہ مودی حکومت کے تین سال کے اقتدار کے دوران ملک کی سیاست میں بنیادی تبدیلی اور اقربا پروری ، ذات پات اور ناز برداری کی پالیسی کو ختم کرکے دنیا بھر میں ملک کا وقار قائم کیا گیا ہے ۔ امیت شاہ نے حکومت کے تین سال مکمل ہونے پر اس کی کامیابیوں کی تفصیل بتانے یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ سیاست سے اقربا پروری ، ذات پات اور ناز برداری کا خاتمہ نیک شگون ہے اور پچھلے 70 سال میں ترقی کے لئے جو کام نہیں ہوسکے تھے انہیں تین سال کے اقتدار کے دوران پورا کیا گیا ہے ۔ انھوں نے مودی حکومت کو غریبوں ، دلتوں ، پسماندہ طبقات ، آدی واسیوں ، خواتین اور نوجوانوں کی حکومت بتاتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت شفاف طریقے سے اور فیصلہ کن ڈھنگ سے کام کررہی ہے ۔ اس نے ’’ساتھ ہے وشواس (یقین) ہے ہو رہا وکاس (ترقی) ہے ‘‘کا نیا نعرہ دیا ہے ۔ بی جے پی کے صدر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے طرز عمل سے دنیا بھر میں ملک کا وقار بڑھا ہے ۔امیت شاہ نے کہا کہ سابقہ حکومت کے دوران 12 لاکھ کروڑ روپے کے گھوٹالے ہونے کے بعد جب مودی نے اقتدار سنبھالا تو کام کاج کے طریقوں کو پوری طرح سے شفاف بنایا گیا جس کی وجہ سے اپوزیشن پارٹیاں بھی اس پر بدعنوانی کے الزام نہیں لگاپارہی ہیں۔ لال بتی کے وی آئی پی کلچر کو ختم کردیا گیا ہے جس سے لوگوں کو ایک نیاپیغام ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خلائی میدان میں بھی نئی نئی تحقیق ہورہی ہے اور اس شعبے میں ہندستان نے پوری دنیا میں ایک ممتاز مقام حاصل کرلیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ دیگر پسماندہ طبقات کمیشن کو آئینی درجہ دیا گیا ہے اور ایک رینک ایک پنشن اسکیم کو نافذ کیا گیا ہے ۔ جس سے حکومت پر 8 ہزار کروڑ روپے کا بوجھ پڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی سرحد کی حفاظت کی جاتی تھی لیکن اس کے لئے سیاسی قوت ارادی کا فقدان تھا، جو اَب نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ووٹ کی سیاست کی وجہ سے انیمیپراپرٹی قانون (دشمن کی املاک سے متعلق قانون) منظور نہیں کیا جارہا تھا لیکن مودی حکومت ، اس سلسلہ میں قانون بنانے میں کامیاب رہی ہے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ کالے دھن کے مسئلے کو ختم کیا گیا  اور بے نامی املاک کے سلسلے میں قانون بنایا گیا جس سے سیاسی زندگی میں شفافیت پیدا ہوئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT