Monday , September 25 2017
Home / ہندوستان / تین سال میں71,941 کروڑ روپئے غیرمعلنہ آمدنی کا انکشاف

تین سال میں71,941 کروڑ روپئے غیرمعلنہ آمدنی کا انکشاف

نئی دہلی ۔23جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکز نے سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے بڑے پیمانے پر تلاشیوں، ضبطیوں اور سروے کے نتیجہ میں گزشتہ تین سال کے دوران 71,941 کروڑ روپئے مالیتی ’’غیرمعلنہ آمدنی‘‘ کا پتہ چلایا جاسکا ہے۔ عدالت عظمی میں داخل کردہ اپنے حلفنامہ میں وزارت فینانس نے کہاکہ گزشتہ سال 9 نومبر سے رواں سال 10 جنوری تک نوٹ بندی کی مدت کے دوران 5,400 کروڑ روپئے کی مجموعی غیرمعلنہ آمدنی کا انکشاف ہوا ہے ۔ علاوہ ازیں 303.367 کیلوسونا ضبط کیا گیا ہے ۔ ۔ اس نے یکم اپریل 2014 ء تا 28 فبروری 2017 ء تک تین سال کیلئے غیرمحسوب آمدنی کی تفصیلات پیش کی جس میں نوٹ بندی کی مدت بھی شامل ہے۔ حلفنامہ میں کہا گیا ہے کہ تین سالہ مدت کے دوران محکمہ انکم ٹیکس نے 2,027 گروپوں کے احاطوں کی تلاشی لی جس کے نتیجہ میں 36,051 کروڑ روپئے سے زائد غیرمعلنہ دولت کا پتہ چلایا جاسکا ۔ یہ رقم ضبط شدہ 2,890 کروڑ روپئے کے علاوہ ہے۔
اس طرح محکمہ انکم ٹیکس نے یکم اپریل 2014 تا 28 فبروری 2017 ء تک 15000 سے زائد سروے کئے جس سے 33,000 کروڑ روپئے کی غیرمعلنہ آمدنی کا پتہ چلانے کی راہ ہموار ہوئی ۔ وزارت فینانس نے 500 اور 1000 روپئے کے منسوخ شدہ نوٹوں کی تبدیلی کیلئے رعایتی مہلت دینے سے انکار کیاہے ۔

 

TOPPOPULARRECENT