Friday , September 22 2017
Home / عرب دنیا / تیونس میں جھڑپ، 26شدت پسند ہلاک

تیونس میں جھڑپ، 26شدت پسند ہلاک

تیونس ۔ 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) تیونس میں فوج کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی کے دوران سرحد پار لیبیا سے آ کر حملہ کرنے والے 26شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ان شدت پسندوں نے پیر کی صبح تیونس کے مشرقی قصبے بن گوردین میں واقع ایک فوجی اڈے اور تھانے کو نشانہ بنایا تھا۔ جھڑپوں میں تین عام شہری اور دو فوجی بھی مارے گئے ہیں۔ گذشتہ ہفتے بھی تیونس کی فوج نے اسی علاقے میں پانچ شدت پسندوں کو ہلاک کیا تھا جن کے بارے میں ملک کے وزیرِ اعظم حبیب الصید نے فیس بک پر اپنے پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ دہشت گردی کی کارروائیوں کی نیت سے لیبیا سے تیونس آئے تھے۔ تیونس میں لیبیا سے سرحد عبور کر کے آنے والے شدت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں خدشات بڑھ رہے ہیں۔ لیبیا میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف امریکی فضائی کارروائی میں ہلاکتوں کے بعد ایسے شدت پسندوں کی تیونس آمد میں اضافہ ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں 38 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے زیادہ تر کا تعلق تیونس سے تھا۔ تیونس سے ہی تعلق رکھنے والا ایک اہم جہادی نورالدین کوچانی بھی مرنے والوں میں شامل تھا جس نیگذشتہ سال تیونس میں دو دھماکے کیے تھے۔ ان میں سے ایک دھماکے میں 30 برطانوی باشندے ہلاک ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ تیونس سے 3000 افراد شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ اور دیگر شدت پسند تنظیموں میں شمولیت کے لیے شام اور عراق جا چکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT